مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے سلطان محمود ہنجراء کی رکنیت بحال ، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ان کے حلقے میں نئے الیکشن کرانے سے روک دیا ،سلطان ہنجراء کے مخالف امیدوار سمیت فریقین کو نوٹس جاری سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

جمعہ 8 اگست 2014 04:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8اگست۔2014ء) سپریم کورٹ نے این اے 276 میں مبینہ طور پر دھاندلی کے تحت نااہل مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے سلطان محمود ہنجراء کی رکنیت بحال کردی ہے اور الیکشن کمیشن کو ان کے حلقے میں نئے الیکشن کرانے سے روک دیا ہے‘ سپریم کورٹ نے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ بھی معطل کردیا ہے‘ (ن) لیگی ایم این اے پر دھاندلی کے الزامات تھے اور ان کو الیکشن ٹربیونل نے نااہل قرار دیا تھا۔

چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے جمعرات کو مقدمے کی سماعت کی۔ اس دوران (ن) لیگی ایم این اے کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن ٹربیونل نے تمامتر حقائق کے برعکس فیصلہ دیا حالانکہ جن چیزوں پر دھاندلی کا الزام تھا وہ چیزیں کسی طور پر ٹربیونل میں ثابت ہی نہیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

بہت سے رزلٹ سادہ فارموں پر بھجوائے گئے اور ان کے حوالے سے دھاندلی کے الزامات لگائے گئے جو سراسر غلط اور جانبدارانہ ہیں اسلئے ان کی الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل سماعت کیلئے منظور کی جائے اور الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ معطل قرار دیا جائے علاوہ ازیں ان کے حلقے میں الیکشن کمیشن نے نئے انتخابات کے حوالے سے جو شیڈول جاری کیا ہے اسے بھی روکا جائے اس پر عدالت نے (ن) لیگی ایم این اے کی اپیل سماعت کیلئے منظور کرلی اور ان کی رکنیت بحال کرتے ہوئے ٹربیونل کا فیصلہ معطل کردیا اور الیکشن کمیشن کو نئے انتخابات سے روک دیا ہے۔

مزید برآں عدالت نے الیکشن ٹربیونل سلطان ہنجراء کے مخالف امیدوار سمیت فریقین کو نوٹس بھی جاری کردئیے ہیں اور سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی ہے۔