بگٹی قتل کیس ، عدالت کا مشرف کی عدم پیشی پر اظہار برہمی، آئندہ سماعت پر ضامن اور میڈیکل کے اوریجنل سرٹیفکیٹ سمیت پیش ہونے کا حکم ، مشرف مسلسل عدالت میں پیش نہیں ہورہے ،راہ فرار اختیار کرتے ہوئے توہین عدالت کے مرتکب بن رہے ہیں،سہیل احمد راجپوت ایڈووکیٹ

منگل 12 اگست 2014 05:16

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اگست۔2014ء) انسداد دہشت گردی کوئٹہ کی عدالت میں نواب بگٹی کے مقدمہ قتل کی سماعت سابق صدر پرویز مشرف کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ضامن اور میڈیکل کے اوریجنل سرٹیفکیٹ سمیت پرویز مشرف کو پیش ہونے کا حکم دیدیا نواب محمد اکبر بگٹی کے مقدمہ قتل کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی جج نذیر احمد لانگو نے مقدمہ کی سماعت کی گزشتہ سماعت میں پرویز مشرف کو پیش کرنے کی یقین دہانی کرانے والے ضامن بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا پرویز مشرف کے وکیل ذیشان جنجوعہ نے میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرتے ہوئے درخواست کی پرویز مشرف کو حاضری سے استثنیٰ دیا جائے عدالت میں میڈیکل سرٹیفکیٹ کی فوٹو اسٹیٹ کاپی کے پیش کرنے پر عدالت نے سخت برہمی ظاہر کی جمیل اکبر بگٹی کے وکیل سہیل احمد راجپوت ایڈووکیٹ نے عدالت کے سامنے اپنا نکتہ اعتراض رکھا اور اس کو عدالت میں پیش ہونے کی بجائے راہ فراہ اختیار کرنے کا تسلسل قرار دیا جبکہ تفتیشی ٹیم کی رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف ہسپتال میں نہیں بلکہ اپنے گھر میں موجود ہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیر پاوٴ کے وکیل نے عدالت بتایا کہ ان کے موٴکل فلائٹ مس ہوجانے کے باعث پیش نہیں ہوسکے جبکہ سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی عدالت میں پیش ہوئے عدالت نے آج کی پیشی سے پرویز مشرف کو مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر انہیں دونوں ضامنوں اور اصل میڈیکل سرٹیفکیٹ کے ساتھ ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے مقدمہ کی سماعت 8ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی سہیل احمد راجپوت ایڈووکیٹ نے ”خبر رساں ادارے“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عظیم سیاسی رہبر نواب اکبر خان بگٹی کو سابق آمر پرویز مشرف نے اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے شہید کیا اور بلوچستان میں آپریشن مسلط کیا جو غیر آئینی تھا مقدمہ کے مرکزی ملزم ہیں جو مسلسل عدالت میں پیش نہیں ہورہے اور راہ فرار اختیار کرتے ہوئے توہین عدالت کے مرتکب بن رہے ہیں ان کے وکیل کی جانب سے عدالت کو یہ بتایا جاتا ہے کہ پرویز مشرف علیل ہیں اور ہسپتال میں زیر علاج ہیں جو عدالت کے ساتھ غلط بیانی اور گمراہ کرنے کی کوشش ہے کیونکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق پرویز مشرف اپنی سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور گزشتہ روز بھی انہوں نے سیاسی جلسہ سے خطاب کیا ہے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ نواب بگٹی کی شہادت کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا اور تاخیر ی حربے استعمال کئے جارہے ہیں جس کے انتہائی خطرناک و تباہ کن نتائج سامنے آئیں گے ۔

متعلقہ عنوان :