سول ڈکٹیٹروں نے خانہ جنگی کا اعلان کر دیا، عوام ان کے عزائم ناکام بنا دیں: چودھری پرویزالٰہی ،شہباز شریف نے چودھری شجاعت حسین، وجاہت حسین، میرے اور خاندان سمیت دیگر مخالف سیاستدانوں کے گھروں اور جلوسوں پر حملوں کیلئے ن لیگی غنڈوں و دہشت گردوں کو ٹاسک دیدیا ،اسلام آباد جانے والی تمام شاہراہیں سب کی ہیں سب ان پر مارچ کریں گے، انقلاب اور آزادی مارچ ملنے سے حکمران بوکھلا گئے: ہنگامی پریس کانفرنس

منگل 12 اگست 2014 05:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اگست۔2014ء)پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سول ڈکٹیٹروں نے انقلاب اور آزادی مارچ کے اکٹھا ہونے سے بوکھلا کر وطن عزیز میں خانہ جنگی کا اعلان کر دیا ہے، محب وطن عوام باہر نکل کر ان کے عزائم ناکام بنا دیں، شہباز شریف نے چودھری شجاعت حسین، چودھری وجاہت حسین اور میرے علاوہ دیگر مخالف سیاستدانوں پر حملوں کیلئے ن لیگی غنڈوں اور ضلعی حکام کو براہِ راست ٹاسک دے دیا ہے، اسلام آباد جانے والی تمام شاہراہیں سب کی ہیں اور 14 اگست کو سب اس پر مارچ کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں اپنی رہائش گاہ پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر کامل علی آغا، طارق بشیر چیمہ، محمد بشارت راجہ اور چودھری ظہیر الدین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نہایت مصدقہ اطلاعات کے بعد میں نے آئی جی کو خط لکھا ہے کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی براہِ راست ہدایت پر چار پانچ روز قبل نیئر انڈسٹریز گجرات میں ن لیگ کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں چودھری مبشر حسین، ڈی سی او لیاقت چٹھہ اور ڈی پی او رائے اعجاز احمد نے بھی شرکت کی اور اس میں ہماری رہائش گاہ ظہورالٰہی ہاؤس کے علاوہ ہم پر گھر سے باہر جاتے ہوئے اور ہماری جماعت کے جلوس پر مسلح حملوں کیلئے اجلاس میں موجود ایم این اے عابد رضا اور رضا متہ کو مامور کیا گیا اور متذکرہ دونوں ضلعی افسر اُن کی مدد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عابد رضا وہ شخص ہے جس کے گھر سے گجرات میں ایکسرسائز کرنے والے فوجی جوانوں پر حملہ کرنے اور گجرات یونیورسٹی کے پروفیسر کو شہید کرنے والے دہشت گرد پکڑے گئے تھے لیکن شہباز شریف کی پشت پناہی کے باعث خود بچ گیا۔ انہوں نے خط کی کاپیاں میڈیا کو تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ یہ خط وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری اور ہوم سیکرٹری پنجاب کو بھی ارسال کیا گیا ہے کہ اس شرپسند منصوبہ پر عملدرآمد ہوا تو ذمہ دار نواز شریف، شہباز شریف، آئی جی پولیس پنجاب، آرپی او گوجرانوالہ، ڈی پی او اور ڈی سی او گجرات ہوں گے۔

چودھری پرویزالٰہی نے صوبائی وزیر رانا مشہود کے آج شائع شدہ بیان کی جانب توجہ مبذول کرائی جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم اپنے لاکھوں کارکنوں کے ہمراہ عمران خان کا اور طاہر القادری کا راستہ روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پورے صوبہ کو جیل بنانے کے بعد یہ بیان خانہ جنگی کا کھلم کھلا اعلان ہے، اس کی گھر بیٹھ کر مذمت کرنے کی بجائے اسے ناکام بنانے کیلئے عوام کو چاہئے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ہمارے ساتھ سڑکوں پر آئیں تاکہ عام اور غریب آدمی کے مسائل حل ہوں، روزگار ملے، صنعتیں چلیں اور ہر ایک کو جان و مال کا تحفظ حاصل ہو۔

چودھری پرویزالٰہی نے ایک سوال پر کہا کہ ہم مارشل لاء کے خلاف ہیں لیکن مارشل لاء اور زلزلہ کسی سے پوچھ کر نہیں آتے، ن لیگ ہمارا راستہ روکنے کیلئے تمام غیر آئینی اور غیر قانونی ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے طاہر القادری کے اعلان کو ویلکم کیا ہے جبکہ دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی اکٹھے ہونے پر خوشی کا اظہار کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے پریس کلب تک ریلی نکالنے کا اعلان کیا، ہیلی کیم اور پریس پر دیگر پابندیاں لگانے اور ہماری بنائی گئی صحافی کالونی کو مکمل ہونے سے روکنے اور اجاڑنے کے اقدامات کرنے والوں کا پریس سے کیا تعلق۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگی ورکروں کے بیانات اور حکومتی اقدامات ساری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے، شہباز شریف نے سول وار کا حکم دے دیا ہے۔