پاکستان اور سری لنکا کیخلاف دوسرا اور آخری ٹیسٹ آج کولمبو میں کھیلا جائے گا ، دو میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو 1-0کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے ، اعتماد سے عاری پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن بچانے کے لئے لالے پڑ گئے ، کولمبو میں شکست گرین شرٹس کو چھٹے نمبر پر دھکیل دے گی ، کولمبو ٹیسٹ میں ایک یا دو تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں ، خرم منظور کی جگہ شان مسعود کو کھلائے جانے کا امکان ، میچ بارش سے متاثر ہونے کا اندیشہ

جمعرات 14 اگست 2014 08:45

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اگست۔2014ء)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ آج سے کولمبو میں شروع ہو گا،دومیچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو ایک۔صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل،اعتماد سے عاری پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن بچانے کے لالے پڑگئے،کولمبو میں شکست چھٹے نمبر پر دھکیل دے گی۔ کولمبو ٹیسٹ کیلئے پاکستان ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔

پہلے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم ناکام ہوئی اورسری لنکا کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔سیریز برابر کرنے کیلئے پاکستان کو دوسرا میچ ہرصورت جیتنا ہوگا،ورنہ گرین شرٹس کو رینکنگ میں تیسری پوزیشن سے بھی ہاتھ دھونا پڑے گا۔کولمبو ٹیسٹ کے لئیپاکستان ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے،ٹاپ آرڈر کی ناکامی نے سلیکٹرز کو مشکل میں ڈال دیا ہے،دوسری اننگز میں پاکستان کا بالنگ اٹیک سری لنکن بیٹسمینوں کے سامنے بے بس نظر آیا ۔

(جاری ہے)

مسائل حل کرنے کیلیے بھاری بھرکم کوچنگ اسٹاف سر جوڑ کر بیٹھ گیا، اوپنرز کی ناکامی نے تشویش بڑھا دی، خرم منظورکی جگہ شان مسعود کو آزمانے پرغور شروع ہو گیا، بیٹنگ لائن کو وکٹ پر قیام کے ساتھ رنز بنانے کیلیے دفاعی خول سے نکالنے کا چیلنج درپیش ہے، بے اثر پیس بیٹری درد سر بن گئی، ایکشن شکوک کی زد میں آنے کے بعد سعید اجمل کی رہی سہی کارکردگی بھی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

دوسری جانب گذشتہ روز پاکستانی کرکٹرز بھرپور پریکٹس سے خامیاں دور کرنے کی کوشش کرتے دکھائی دیے، میچ کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔ہیڈ کوچ وقار یونس، بیٹنگ میں معاون گرانٹ فلاور، فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن اور اسپن بولنگ کنسلٹنٹ مشتاق احمد اپنے شعبوں میں ناقص کارکردگی پر تشویش میں مبتلا ہیں، ہمیشہ کی طرح سب سے بڑا مسئلہ اوپننگ جوڑی کا ہے، خرم منظور پہلی اننگز میں پیسرکے مقابل کمزور تکنیک کا مظاہرہ کرتے ہوئے3 رنز پر آؤٹ ہوئے، دوسری اننگز میں وہ اسپنر کو بھی ڈھنگ سے نہ کھیلتے ہوئے اتنا ہی اسکور کرکے چلتے بنے، احمد شہزاد بھی4اور 16پر ایک بار فاسٹ تو دوسری مرتبہ انتہائی سست بیٹنگ کے باوجود سلو بولر کا شکار بنے۔

اب خرم منظور کی جگہ ناتجربہ کار شان مسعود کو موقع دیے جانے کا امکان ہے، ان کی سابقہ پرفارمنس انھیں ناقابل اعتبار ثابت کرنے کیلیے کافی ہے،عالمی رینکنگ میں ٹاپ پر موجود جنوبی افریقہ 124اور آسٹریلیا 123پوائنٹس کے حامل ہیں۔سیریز شروع ہونے سے قبل پاکستان 103 پوائنٹس کیساتھ تیسری، بھارت(102) چوتھی، انگلینڈ (100) پانچویں اور سری لنکا(95)چھٹی پوزیشن پر تھا، انگلش ٹیم سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرچکی، آخری ٹیسٹ اور رینکنگ میں بہتری کی امید باقی ہے۔ مصباح الحق الیون کی شکست یقینی طور پر تننزلی کا باعث ہوگی جبکہ آئی لینڈرز کو 2 درجے چھلانگ لگانے کا موقع ملے گا۔