انقلاب اور آزادی مارچ میں شرکت سے روکنے کیلئے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکنوں کیخلاف پنجاب بھر میں کریک ڈاوٴن جاری

جمعرات 14 اگست 2014 08:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اگست۔2014ء) انقلاب اور آزادی مارچ میں شرکت سے روکنے کیلئے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکنوں کیخلاف پنجاب بھر میں کریک ڈاوٴن جاری ہے،متعدد کارکنوں کو گرفتار کر کے نظر بند کر دیا گیا،شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔پنجاب پولیس کی جانب سے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں کی گرفتاریوں کیلئے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کر کے نظر بند کردیا گیا۔

گوجرانوالہ میں کریک ڈاؤن کے دوران پی ٹی آئی کے 400 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔فیصل آباد میں عوامی تحریک کے70 اور تحریک انصاف کے35کارکنوں کو گرفتار کرکے ایک ماہ کیلئے نظر بند کردیا گیا۔

(جاری ہے)

سرگودھا میں عوامی تحریک کے42 اور تحریک انصاف کے30 کارکنوں کو تین ایم پی او کے تحت گرفتار کرکے سرگودھا جیل میں نظر بند کیا گیا۔

میاں چنوں سے تحریک انصاف کے تین اور خوشاب سے25 کارکنوں کو حراست میں لیا گیا جبکہ پھالیہ سیعوامی تحریک کے تین کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ دوسری جانب کارکنوں کو آزادی اور انقلاب مارچ میں کارکنوں کو شرکت سے روکنے کیلئے صوبے کے متعددد شہروں میں کنٹینرزلگا کر سیل کر دیا گیا ہے،جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔جی ٹی روڈ کو متعدد مقامات پر کنٹینرز لگا دئے گئے ہیں جبکہ جگہ جگہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔