نجم سیٹھی کی جانب سے عمران خان کیخلاف دائر ایک ارب روپے کے ہرجانے کی درخواست کی سماعت23اگست تک ملتوی

جمعرات 14 اگست 2014 08:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اگست۔2014ء) ایڈیشنل سیشن جج یاسر ندیم رضا نے سابق نگران وزیر اعلی پنجاب نجم سیٹھی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے خلاف دائر ایک ارب روپے کے ہرجانے کی درخواست کی سماعت23اگست تک ملتوی کر تے ہوئے عمران خان سے جواب طلب کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی نے مذکورہ درخواست بیرسٹر عثمان غنی کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان نے گیارہ اگست کو اپنی ایک پریس کانفرنس میں بغیر کسی ثبوت کے درخواست گزار پر الیکشن میں دھاندلی کے بے بنیاد الزامات عائد کئے تھے جس کی وجہ سے درخواست گزار کی ساکھ اور شہرت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فاضل عدالت بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر درخواست گزار کو عمران خان سے ایک ارب روپے ہرجانہ دلوائے۔فاضل عدالت نے اس درخواست کی سماعت 23اگست تک ملتوی کرتے ہوئے عمران خان سے جواب طلب کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :