کچھ عناصر کھوکھلے نعروں سے ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں ،وزیر اعظم ، بے یقینی کی فضا پیدا کر کے ملک کی معیشت ،سیاسی استحکام،اور علامی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے،آئین کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا ئے گا ،غیر آئینی کام نہ کبھی خود کیا اور نہ کسی دوسرے کو کرنے دیں گے، آئین کو پامال کرنے کی کوشش اور مرضی کی جمہوریت لانے والوں کے سامنے چٹان بن کر کھڑے ہوں گے،عوام پوری قوت کے ساتھ آئین اور جمہوریت کی پشت پر کھڑی ہے، جمعیت علماء پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 14 اگست 2014 08:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اگست۔2014ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کچھ عناصر کھوکھلے نعروں سے ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں ۔ بے یقینی کی فضا پیدا کر کے ملک کی معیشت ،سیاسی استحکام،اور علامی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔آئین کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا ئے گا ۔ غیر آئینی کام نہ کبھی خود کیا اور نہ کسی دوسرے کو کرنے دیں گے۔

آئین کو پامال کرنے کی کوشش اور مرضی کی جمہوریت لانے والوں کے سامنے چٹان بن کر کھڑے ہوں گے۔عوام پوری قوت کے ساتھ آئین اور جمہوریت کی پشت پر کھڑی ہے۔پاکستان مسلم لیگ( ن) کو بھاری مینڈیٹ عوام نے دیا ہے اورمٹھی بھر لوگوں کو 18کروڑ عوام کا مینڈیٹ یرغمال نہیں بنانے دیں گے ۔ ان خیالات کا انہوں نے مسلم لیگ ن یوتھ ونگ پنجاب کے جنرل سیکر ٹری چوہدری کاشف نواز رندھاوا کی قیادت میں جمعیت علماء پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات میں گفتگو کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفد میں مولانا شاہ اویس نورانی،پیر اعجاز ہاشمی،قاری زوار بہادر،فیاض خان و دیگر جید علماء اکرام شامل تھے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو ترقی کی طرف لے جا رہے ہیں ،بیرونی سرمایہ کار اربوں روپے کا سرمایہ لگا رہے ہیں مگر پتہ نہیں کیوں بعض افراد کو ملک کی ترقی و خوشحالی اچھی نہیں لگتی۔

انہوں نے کہا کہ آئینی اور قانونی دائروں میں رہتے ہوئے پر امن احتجاج کے حق کا احترام کرتے ہیں مگر حکومت کسی کو انارکی پھیلانے اور آئین و قانون سے کھیلنے کی کسی صورت اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے یوتھ ونگ پنجاب کے صدر کاشف نواز رندھاوا کی مسلم لیگ ن کے لئے کی گئی کاوشوں کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یوتھ ونگ مسلم لیگ ن کا ہروال دستہ ہے ۔ملک و قوم کو جب بھی ضرورت محسوس ہوئی یوتھ ونگ سب سے آگے کھڑی ہو گی ۔اس موقع پر مولانا شاہ اویس نورانی و دیگر علماء اکرام نے وزیر اعظم کو اپنی مکمل حمائت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے کیونکہ اس کے لئے اکابرین نے بے شمار قربانیاں دی ہیں ۔

آئین کی وجہ سے ملک قائم ہے۔ علماء اکرام آئین کے حقیقی وارث ہیں اور وہ آئین کے خلاف کسی سازش کو قبول نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 14اگست ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمارے اکابرین نے قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر جب بھی مشکل وقت آیا علماء اکرام نے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے اب بھی اگر کسی نے ملک میں افراتفری پھیلانے اور آئین توڑنے کی کوشش کی تو اس کا سختی سے محاسبہ کیا جائے گا ۔ملک اور آئین کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔