عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کے غیر آئینی مطالبات تسلیم نہیں کئے جائیں گے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، اس وقت ملک کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ایسے حالات میں اس طرح کا جمہوری طرز سیاست کا کوئی بھی راستہ اختیار کرنا درست نہیں،جمہوریت کو پنپنے دیں، سمنگلی ائیر بیس پر حملہ آور غیر ملکی تھے ، افغان مہاجرین کی جلد واپسی چاہتے ہیں،کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو

پیر 18 اگست 2014 07:57

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اگست۔2014ء)وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کے غیر آئینی مطالبات تسلیم نہیں کئے جائیں گے‘ سمنگلی ائیر بیس پر حملہ آور غیر ملکی تھے ، افغان مہاجرین کی جلد واپسی چاہتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں پاکستان سوسائٹی آف اانستھیزیالوجسٹ کی جانب سے انتہائی نگہداشت کے مراکز کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی حکومت جمہوریت پر یقین رکھتی ہے ، عمران خان اور طاہر القادری آئین کے اندر رہتے ہوئے اپنے مطالبات پیش کریں اور کوئی بھی غیر آئینی و غیر جمہوری اقدام ہمارے لئے قابل قبول نہیں ہماری ان سے اپیل ہوگی کہ وہ اپنا غیر جمہوری طرز سیاست ترک کرتے ہوئے جمہوریت کو پنپنے دیں کیوں جمہوریت کو اگر کسی قسم کا نقصان پہنچا تو اس سے ملکی سالمیت کے متاثر ہونے اور ملک کے غیر مستحکم ہونے کا خدشہ ہے اس وقت ملک کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ایسے حالات میں اس طرح کا جمہوری طرز سیاست کا کوئی بھی راستہ اختیار کرنا درست نہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے عمران خان اور طاہر القادری سے ذاتی تعلقات نہیں ہیں اس لئے حکومت اور دھرنا دینے والوں کے درمیان مصالحتی کردار ادا نہیں کرسکتا ، وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی میں نیشنل پارٹی کی جانب سے سینیٹر حاصل بزنجوکو شامل کیا ہے وہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کررہے ہیں ،سمنگلی اور خالد ائیر بیس پر حملے کرنے والے دہشتگردوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھے وہ غیر ملکی لگے آپ بھی وہاں موجود تھے آپ بتائیں آپ کو کیا لگا، بلوچستان میں افغان مہاجرین کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ افغان مہاجرین جتنی جلد ممکن ہو اپنے ملک واپس چلے جائیں کیونکہ ان کی موجودگی سے ہمیں یہاں امن و امان کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔