پشاور کے آفت زدہ افرادمیں حکومت پنجاب کی طرف سے 4500 فوڈ ہیمپر تقسیم،وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کی ہدایت پر وزیرخوراک بلال یٰسین نے 12ٹرک پیرصابر شاہ کے سپرد کئے،امدادی سامان بھیجنے پر پنجاب کے عوام ‘ حکومت اور وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے مشکور ہیں،پیرصابرشاہ،پشاور کے عوام آفت زدہ ہیں اور پرویزخٹک وزراء سمیت اسلام آباد میں محورقص ہیں،بلال یٰسین

پیر 18 اگست 2014 08:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اگست۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت پر وزیرخوراک بلال یٰسین نے خوراک کے 4500تھیلے پشاور میں طوفانی بارش کی وجہ سے بے گھر اور متاثرہ افراد کے لئے پہنچا دیئے ۔ پشاور میں پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے ویئر ہاؤس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پی کے کے صوبائی صدر پیرصابر شاہ نے حکومت پنجاب کی طرف سے بھیجے جانے والے 12ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان وصول کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیرمعدنیات چوہدری شیر علی‘ رحمت سلا م خٹک‘ ممبرصوبائی اسمبلی شبیر حسین‘ اکبر خان اور ناصر موسیٰ زئی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر پیر صابر شاہ نے حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امدادی سامان بھیجنے پر پنجاب کے عوام‘ حکومت اور وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے مشکور ہیں۔

(جاری ہے)

پشاور میں بارش سے آفت زدہ افراد کے لئے حکومت پنجاب کی طرف سے امداد کی فراہمی وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی عوام دوستی کا ثبوت ہے۔ وزیرخوراک بلال یٰسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پشاور میں بارش سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے فوری طور پر امداد کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ جبکہ دوسری طرف خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ اور وزراء عوام کو مصیبت میں چھوڑ کراسلام آباد میں محو رقص ہیں۔ جیسے روم جل رہا تھا اور نیرو بانسری بجا رہا تھا۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ خیبرپختونخوا کے آفت زدہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ حکومت پنجاب اور اہل پنجاب مشکل کی ہر گھڑی میں خیبرپختونخوا کے بھائیوں کے ساتھ ہیں۔