امریکہ کا مصر کو اپاچی ہیلی کاپٹرز فراہم کرنے کا اعادہ ، یقین ہے مصر کو جلد گن شپ ہیلی کاپٹرز مل جائیں گے جو حکومت کی انسداد دہشت گردی کوششوں میں مدد گار ثابت ہوں گے، جان کیری کی مصری ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو

اتوار 31 اگست 2014 08:57

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اگست۔2014ء)امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے گزشتہ روز اپنے مصری ہم منصب کو بتایا کہ امریکہ انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں قاہرہ کی کوششوں میں مدد دینے کے لئے 10اپاچی ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کے سلسلے میں اپنے وعدے پر قائم رہنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔امریکی دفتر خارجہ کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ کیری نے جون میں اعلان کیا کہ انہیں یقین ہے کہ مصر کو جلد گن شپ ہیلی کاپٹرز مل جائیں گے اور مصر کے وزیرخارجہ سنی شاکری کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں اس کا اعادہ کیا ہے ۔

اس اہلکار نے بتایا کہ امریکی وزیرخارجہ کیری نے شاکری کو مطلع کیا کہ امریکہ مصری فوج کو اپاچی ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کے بارے میں پیشرفت کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ،انہوں نے کہاکہ ہمارے خیال میں یہ ایک اہم ہتھیار ہے جو مصری حکومت کی انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں اس کی کوششوں میں مدد گار ثابت ہوں گے ۔

(جاری ہے)

اہلکار نے بتایا کہ کیری نے اپنے مصری ہم منصب کو یہ ٹیلی فون غزہ میں جنگ بندی کے بارے میں جاری مذاکرات شام اور عراق میں دولت اسلامی کے جہادیوں کے خلاف لڑائی اور علاقائی انسداد دہشت گردی کوششوں کے ضمن میں کیا۔

امریکی وزیرخارجہ نے غزہ میں جنگ بندی طے پانے کے سلسلے میں مصر کی طرف سے ادا کئے جانیوالے معاون کردار کے لئے امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔اہلکار نے بتایا کہ انہوں نے انتہا پسند گروپوں کی طرف سے بالخصوص سینائی میں دھمکیوں کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں مصر کی کوششوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔امریکہ ہر سال مصر کے لئے 1.5بلین ڈالر کی رقم کی امداد مختص کرتا ہے جن میں سے 1.3بلین ڈالر فوجی امداد ہوتی ہے۔

اس کو گزشتہ سال اکتوبر میں اس شرط پر منجمد کردیا گیا کہ جولائی 2013 ء میں اسلام پسند منتخب صدر محمد مرسی کا فوج کی قیادت میں تختہ الٹنے اور ان کے حامیوں کے خلاف بیہمانہ کریک ڈاؤن کے بعد جمہوری اصلاحات نافذ کی جائیں ۔واشنگٹن نے اپریل میں کہا تھا کہ وہ جزیرہ نما سینائی میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے لئے سالانہ امداد کا کچھ حصہ بحال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :