الیکشن کمیشن میں پارٹی گوشوارے جمع کرانے کی مدت ختم ہوگئی،جن جماعتوں نے پارٹی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی انھیں انتخابی نشان آلاٹ نہیں کئے جائیں گے، الیکشن کمیشن

اتوار 31 اگست 2014 08:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31اگست۔2014ء)الیکشن کمیشن میں پارٹی گوشوارے جمع کرانے کی مدت ختم ہو گئی ہے جب کہ 282 سیاسی جماعتوں میں سے صرف 25 نے اپنے مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع کرائیں ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع کرانے کے لئے 29 اگست تک کی مہلت دی گئی تھی جو کہ گزشتہ روز ختم ہو چکی ہے، 282 سیاسی جماعتوں میں سے صرف 25 جماعتوں نے پارٹی اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق جن جماعتوں نے پارٹی گوشواروں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں ان میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام (ف)، جماعت اسلامی، اے این پی، پختون خوا ملی عوامی پارٹی اور عوامی مسلم لیگ شامل ہیں۔پاکستان تحریک انصاف، پاکستان عوامی تحریک، مسلم لیگ (ق) اور ایم کیو ایم نے بھی پارٹی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی ہیں۔ الیکشن کمیشن کاکہنا ہے کہ جن جماعتوں نے پارٹی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی انھیں انتخابی نشان آلاٹ نہیں کئے جائیں گے۔واضح رہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے لئے لازمی ہے کہ وہ اپنی پارٹی کے سالانہ اخراجات، آمدن اور ذرائع کی مکمل تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں۔