ریلوے نے مالی سال 2013-14ء کے دوران پانچ ارب 91کروڑ روپے کمالئے، ریونیو کا حصول ہدف سے 2ارب 38کروڑ روپے زائد رہا،مال برداری سے 18ارب 7کروڑ روپے حاصل،ایک ارب 79کروڑ روپے مالیت کی اراضی تجاوزات ختم کرکے واگزار کرالی گئی، بڑے ریلوے سٹیشنوں پر ریلوے پولیس ہیلتھ اینڈ کمپلینٹ سنٹر قائم ،وزارت ریلوے کے اعلیٰ حکام کی میڈیا سے غیر رسمی گفتگو

جمعہ 12 ستمبر 2014 07:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12ستمبر۔2014ء)ریلوے نے مالی سال 2013-14ء کے دوران پانچ ارب 91کروڑ روپے کمائے اور ریونیو کا حصول ہدف سے 2ارب 38کروڑ روپے زائد رہا،مال برداری سے 18ارب 7کروڑ روپے کمائے جبکہ ایک ارب 79کروڑ روپے مالیت کی اراضی تجاوزات ختم کرکے واگزار کرائی گئی اور بڑے ریلوے سٹیشنوں پر مسافروں کی سہولت کے لئے ریلوے پولیس ہیلتھ اینڈ کمپلینٹ سنٹر قائم کئے جا رہے ہیں۔

جمعرات کو وزارت ریلوے کے اعلیٰ حکام نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس قومی ادارے کوسالانہ تیس ارب روپے کا خسارے کا سامنا تھا جبکہ موجودہ وفاقی وزیر ریلوے کی انتھک محنت و کوششوں سے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں پانچ ارب 91کروڑ روپے سے زائد کمائے ۔2013-14ء مالی سال کے دوران وزارت ریلوے کا ریونیو کمانے کا ہدف تھا جبکہ ریلوے نے 23ارب 98کروڑ روپے حاصل کئے جو ہدف سے 2ارب 38کروڑ روپے سے زائد ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت ٹریڈ کے شعبہ میں 2ارب روپے کے مقابلے میں 6ارب تیس کروڑ روپے کی آمدن ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مالی سال 2013-14ء کے دوران پاکستان ریلویز نے مال برداری کے شعبہ میں تیل ، کنٹینرز ، کارگو ، کوئلہ اور سیمنٹ کی ترسیل سے خاطر خواہ ریونیو حاصل کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی تاریخ میں پہلی بار گرمی کی چھٹیوں میں عوام کی سہولت کیلئے چلنے والی گاڑیوں کی اکانومی کلاس میں دس فیصد رعایت بزنس اور اے سی پارلر کے مسافروں کو پانچ ٹکٹیں خریدنے پر ایک اضافی ٹکٹ مفت دی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ یکم جولائی تا تیس جون 2013-14ء میں 23ارب 96کروڑ روپے کا ریونیو کمایا جبکہ فریٹ ٹرین نے اٹھارہ ارب سات کروڑ کا ریونیو کمایا ۔ انہوں نے کہا کہ 2013-14ء میں 511ایکڑ زمین تجاوزات سے خالی کروائی گئی جس کی مالیت کم و پیش ایک ارب 79کروڑ روپے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے پولیس میں کانسٹیبل اور اے ایس آئی کی آسامیوں پر تعیناتی کیلئے شفاف انداز میں بھرتی کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے پولیس نے بڑے بڑے ریلوے سٹیشنوں پر ریلوے پولیس ہیلتھ اینڈ کمپلینٹ سنٹر قائم کردیئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :