وزیراعظم نوازشریف کی پٹرولیم تلاش کے منصوبوں کاجائزہ لینے بارے اجلاس کی صدارت، گیس اوریوٹیلٹی کمپنیوں کوری سٹرکچر، عالمی سرمایہ کاری کوبڑھانے کیلئے دلکش مراعات دی جائیں،وزارت پٹرولیم کوہدایت

جمعہ 12 ستمبر 2014 07:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12ستمبر۔2014ء)وزیراعظم محمدنوازشریف نے جمعرات کے روز ملکی سطح پر پٹرولیم کی تلاش کے منصوبوں کاجائزہ لینے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں وفاقی وزیرپٹرولیم شاہدخاقان عباسی اوروزیرخزانہ اسحاق ڈارسمیت سینئرحکومتی اہلکاروں نے شرکت کی ۔وزیراعظم کواس موقع پربریف کیاگیاکہ اب تک 44رعایتی معاہدوں پردستخط کئے جاچکے ہیں ،116کنویں کھودے جبکہ 18لیززدیئے جاچکے ہیں ،33نئی دریافتوں کااعلان ہوچکاہے جبکہ مقامی سطح کی پیداوارمیں 16ہزاربیرل تیل اور638ملی میٹرکیوبک فٹ گیس کااضافہ کیاجاچکاہے ،پاکستان ملکی اورغیرملکی تیل وگیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں کومزیدمراعات دینے کیلئے تیزی سے کام کررہاہے تاکہ ملکی پیداوارمیں نمایاں اضافہ کیاجاسکے ،مجوزہ مراعات پاکستان پٹرولیم پالیسی 2012ء میں پہلے سے دی گئی مراعات کے علاوہ ہونگی۔

(جاری ہے)

وزیرپٹرولیم نے وزیراعظم کو5سالہ منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی اورکہاکہ آئندہ پانچ سالوں کے دوران 200سے زائدرعایتی معاہدوں پردستخط متوقع ہیں جبکہ تین سوکنویں کھودے جائیں گے یہ بھی توقع ہے کہ ایک لاکھ بیرلزتیل اور2400ملی میٹرکیوبک فٹ گیس گھریلوپیداوارمیں شامل کی جائیگی ،جس پر اندازابیس بلین ڈالرکی سرمایہ کاری کی جائیگی ،وزیراعظم نے وزارت پٹرولیم کوہدایت کی کہ گیس اوریوٹیلٹی کمپنیوں کوری سٹرکچرکیاجائے اورعالمی سرمایہ کاری کوبڑھانے کیلئے دلکش مراعات دی جائیں ۔