تاریخ کا یہ بدترین سیلاب بہت بڑا چیلنج ہے ،شہباز شریف،اللہ کی مدد سے مقابلہ کرتے ہوئے متاثرین کو ان کے پاؤں پر کھڑا کریں گے جس کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ،وزیر اعلیٰ پنجاب

جمعہ 12 ستمبر 2014 07:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12ستمبر۔2014ء)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے متاثرین سے ہمدردی اور سیلاب کی وسیع تباہ کاریوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی امداد اور ضلع چنیوٹ میں امدادی سرگرمیوں کے لئے 10 کروڑ روپے کے فنڈزکا اعلان کیا ۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا ہے کہ تاریخ کا یہ بدترین سیلاب بہت بڑا چیلنج ہے جس کا الله کی مدد سے مقابلہ کرتے ہوئے متاثرین کو ان کے پاؤں پر کھڑا کریں گے جس کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔

انہوں نے یہ بات ضلع چنیوٹ کے چار دن سے مسلسل دوروں کے دوران تحصیل بھوانہ کے موضع سلیمان اور منگینی ٹالی میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ صوبائی وزیر خصوصی تعلیم آصف سعید منہیس ‘ ارکان صوبائی اسمبلی مولانا الیاس چنیوٹی ‘ مولانا رحمت الله ‘ مہر ثقلین انوار سپرا اور پارٹی کے مقامی قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیلاب نے پورے پنجاب میں تباہی مچا دی ہے جس کے باعث متاثرین کی فصلیں ‘ گھر ‘ مال مویشی اور جمع پونجی سب تباہ ہو گئیں ‘ ہم الله کی رحمت اور معافی کے طلب گار ہیں ایسی آفت سے الله ہمیشہ محفوظ رکھے ۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے لئے کچی اور پکی خوراک ‘ منرل واٹر ‘ ادویات اور جانوروں کے لئے چارے کا خاطر خواہ انتظام کیا گیا ہے تاہم مصیبت کی اس گھڑی میں ہر فرد تک امداد پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور انہیں سہولت کے ساتھ کھانا و دیگر ضروریات پہنچائیں گے جبکہ سیلاب سے ہونیوالے ان کے نقصانات کا جلد معاوضہ فراہم کر دیا جائے گا ۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ سیلاب میں گھرے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کے لئے انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ اور فوجی جوانوں نے شاندار کام کیا ہے جوکہ قابل ستائش ہے ۔انہوں نے چنیوٹ کی ضلعی انتظامیہ سے کہا کہ وہ سیلاب زدگان کے لئے امدادی سرگرمیوں کے لئے فراہم کر دہ 10 کروڑ روپے کے فنڈز کے استعمال میں کنجوسی کا مظاہرہ نہ کریں ہر متاثرہ فرد تک کھانا ‘ خشک راشن اور دیگر ضروریات پہنچی چاہیں ۔

انہوں نے موضع سلیمان میں کھانا کی عدم فراہمی سے متعلق شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس غفلت اور بے حسی پر اسسٹنٹ کمشنر بھوانہ کو معطل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ یہ آخری وارننگ ہے اگر پھر متاثرین کی شکایات سامنے آئی تو محکمانہ سزا کے بڑے فیصلے کرونگا ۔ انہوں نے انچارج سیکرٹری اوقاف ‘ ڈی سی او ‘ ڈی پی او اور دیگر افسران سے کہا کہ وہ امدادی سرگرمیوں کی کڑی مانیٹرنگ کریں اور کسی جگہ امداد میں تعطل نہ آئے ۔

متعلقہ عنوان :