آزاد حیثیت سے ضمنی الیکشن میں حصہ لوں گا،جاوید ہاشمی،تمام سیاسی جماعتوں نے مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے،رابطہ عوام کا مہم کا آغاز کر دیا ہے بہت جلد جہانیاں کا دورہ کروں گا ،لیڈروں کو سیاسی مخالفت بالائے طاق رکھ کر سیلاب زدگان کی مدد کرنی چاہیے، جہانیاں کی سیاسی شخصیات کے ایک وفد سے گفتگو

جمعہ 12 ستمبر 2014 07:42

جہانیاں (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12ستمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ وہ آزاد حیثیت سے ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے تمام سیاسی جماعتوں نے انہیں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے،رابطہ عوام کا مہم کا آغاز کر دیا ہے بہت جلد جہانیاں کا دورہ کروں گا ،لیڈروں کو سیاسی مخالفت بالائے طاق رکھ کر سیلاب زدگان کی مدد کرنی چاہیے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جہانیاں کی سیاسی شخصیات کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا جن میں حکیم عبدالمجید سلیمانی،خلیل احمد گھمن،چوہدری خضر حیات نجر،چوہدری نسیم حیات نجر،چوہدری مجید چٹھہ اور دیگر شامل تھے۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ وہ ضمنی الیکشن لڑنے کے حق میں نہیں تھے لیکن سیاسی جماعتوں کے اصرار پر انہوں نے ضمنی الیکشن میں حصہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے کسی پارٹی ٹکٹ کی بجائے وہ آزاد حیثیت سے ملتان کے حلقہ سے الیکشن لڑیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہیں مسلم لیگ ن ،پیپلز پارٹی ،جماعت اسلامی،متحدہ قومی موومنٹ سمیت تمام پارلیمانی پارٹیوں نے بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریاں انتہائی افسوسناک ہیں تمام لیڈروں کو اپنے سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر سیلاب زدگان کی مدد کرنی چاہیے انہیں اس وقت سیاست کی نہیں بلکہ ہماری ہمدردیوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ علاج کی غرض سے چین جانا چاہتے تھے لیکن سیاسی ساتھیوں کے بیحد اصرا پر انہوں نے چین کا اپنا دورہ تبدیل کرکے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ہم نے رابطہ عوام مہم کا آغاز کر دیا ہے وہ بہت جلد جہانیاں کا بھی دورہ کریں گے۔