بھارت ، عید الاضحیٰ کے موقعے پر گوشت کی بجائے سبزی کھانے کی تلقین پرمسلم برادری ناراض

ہفتہ 27 ستمبر 2014 07:44

بھوپال(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27ستمبر۔2014ء)بھارت کے شہر بھوپال میں مسلم برادری اس بات پر برہم ہے کہ اسے عید الاضحیٰ کے موقعے پر گوشت کی بجائے سبزی کھانے کی تلقین کی جا رہی ہے۔غیرملکی خبررساں ا دارے کے مطابق جانوروں کے حقوق اور تحفظ کے لیے کام کرنے والے معروف ادارے پیپلز فار دی ایتھییل ٹریٹمنٹ آف اینملز (پیٹا) کے بعض ارکان کو شہر کی مسلم برادری کے غصے کا سامنا کرنا پڑا۔

ہوا یوں کہ اس تنظیم کی ایک رکن نظیر ثریا نے شہر کی معروف تاج المسجد کے علاقے میں عید کے تہوار پر گوشت کے بجائے سبزی کے ساتھ منانے کا پیغام دیا۔انھوں نے لوگوں سے درخواست کی کہ لوگوں کو گوشت خوری چھوڑ کر سبزی خور بننا چاہیے۔ یہ پیغام دیتے وقت نظیر ثریا پتیوں سے تیار کیے گئے برقعے میں ملبوس تھیں۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں نے ان کی زبردست مخالفت کی۔

مسلم برادری کا کہنا تھا کہ عید پر بکرے کی قربانی کی مخالفت کرنے سے ان کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قربانی ان کا مذہبی حق ہے جس میں کسی بھی طرح کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔بھوپال شہر کے مسلمانوں کا ایک گروہ ان کے اس بیان سے سخت ناراض ہو گیا اور مشتعل ہجوم نے نظیر ثریا پر حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم وہاں پر موجود پولیس نے اسے روک دیا۔

اس اپیل کے خلاف احتجاج کی قیادت کرنے والے شاہد علی کا کہنا تھا: ’جب ہم کسی کے مذہب کے خلاف نہیں بولتے تو ہمارے مذہب میں بھی کسی کو مداخلت کرنے کا کوئی حق نہیں۔کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے مسلم اکثریت والے تاج المسجد کے علاقے میں پیٹا جیسی تنظیم کو اس طرح کا پروگرام کرنے کی اجازت کیوں دی؟بھارت میں جانوروں سے متعلق اس تنظیم کی سربراہ پوروا جوش پورا نے نظیر ثریا پر حملے کی کوشش کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ان کا کہنا تھا ’یہ شرمناک بات ہے کہ ہمارے رکن جو تشدد کو روکنے کے لیے کام کر رہے ہیں انھیں ہی تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ عنوان :