سپریم جوڈیشل کونسل نے آڈیٹر جنرل پاکستان بلند اختر رانا کیخلاف بھجوائے گئے ریفرنس پر کارروائی شروع کردی،آڈیٹر جنرل کو شوکاز نوٹس جاری چودہ روز میں جواب طلب

ہفتہ 27 ستمبر 2014 07:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27ستمبر۔2014ء)سپریم جوڈیشل کونسل نے آڈیٹر جنرل پاکستان بلند اختر رانا کیخلاف بھجوائے گئے ریفرنس پر کارروائی شروع کردی ،آڈیٹر جنرل کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے چودہ روز میں ان سے جواب طلب کیا ہے ، ریفرنس سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھجوایا گیا تھا ۔ ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل فعال ہوگئی ہے اور انہوں نے مختلف ریفرنسز پر کام شروع کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان بلند اختر رانا کیخلاف بھجوائے گئے ریفرنس کے حوالے سے بھی کارروائی شروع کردی گئی ہے اور ان کو باقاعدہ نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں ان سے تحریری جواب بھی طلب کیا گیا ہے ۔آڈیٹر جنرل پر مبینہ طور پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی تنخواہ میں خود اضافہ کیا اور دیگر معاملات میں بھی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو کوئی جواب دینے کی بجائے مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے رہے اس پر کمیٹی نے ان کیخلاف ریفرنس بھجوانے کی منظوری دی تھی جو باقاعدہ طور پر بھجوادیا گیا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پر کارروائی کرتے ہوئے سپریم جوڈیشل کونسل نے چودہ روز میں جواب بھی طلب کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :