لندن پلان بنانے والے مکمل طور پر بے نقاب ہوچکے، رانا ثناء اللہ ،دھرنے والے کمسن بچوں اور خواتین کو ڈھال بناکر دارالحکومت کو مفلوج کیے ہوئے ہیں،حکومت ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خاں کو کسی صورت بھی لاشیں نہیں دے گی، خطاب

ہفتہ 27 ستمبر 2014 07:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27ستمبر۔2014ء) سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ دھرنے دینے والے اور لندن پلان بنانے والے مکمل طور پر بے نقاب ہوچکے ہیں۔ حکومت ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خاں کو کسی صورت بھی لاشیں نہیں دے گی۔ دھرنے والے کمسن بچوں اور خواتین کو ڈھال بناکر دارالحکومت کو مفلوج کیے ہوئے ہیں۔ وہ گزشتہ روز کالج آف ٹورازم اینڈ ہاسپٹیلٹی کے زیر اہتمام ٹوورازم ڈے کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔

سیمینار سے پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات رانا محمد ارشد، صدر لاہور چیمبر آف کامرس سہیل لاشاری، سابق ایم ڈی (پی ٹی ڈی سی) مسعود علی خاں سینئر صحافی ذوالفقار احمد راحت اور دیگر نے خطاب کیا۔ رانا ثناء اللہ خاں نے مزید کہا کہ سیاحت ایسا شعبہ ہے دنیا کے کئی ممالک کی معیشت کا انحصار اس شعبہ پر ہے۔

(جاری ہے)

سیاحت گلوبل جی ڈی پی کا 9 فیصد ہے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ہر 11 میں سے ایک جاب اس سیکٹر سے متعلق ہے۔

پاکستان میں آج یوم سیاحت منایا جائے گا جسکا تھیم سیاحت اور معاشرتی ترقی رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء سے قبل پاکستان میں ہر سال 5 لاکھ سے زائد ٹورسٹ آتے تھے مگر دہشت گردی کی وجہ سے یہ انڈسٹری تباہ ہوکر رہ گئی ہے۔ اب مسلم لیگ کی حکومت اور پاک فوج نے ضرب عضب اپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ جلد ہی پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا اور پوری دنیا سے لاکھوں ٹورسٹ پاکستان آیا کریں گے۔ انہوں نے کوتھم کالج کے سی ای او احمد شفیق کو امریکہ سے معتبر ایوارڈ ”لیمپ آف نالج“ حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔