الیکشن کمیشن کو وزیر اعظم سمیت 310 اراکین پارلیمنٹ و ممبران صوبائی اسمبلیوں کے اثاثہ جات کے گوشوارے موصول

ہفتہ 27 ستمبر 2014 07:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27ستمبر۔2014ء ) الیکشن کمیشن کو وزیراعظم محمد نواز شریف سمیت 310 اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کی جانب سے اثاثہ جات کے گوشوارے موصول ہو گئے ہیں۔ گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 29 ستمبر ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اب تک قومی اسمبلی کے 103، سینیٹ کے 52، پنجاب اسمبلی کے 61، سندھ اسمبلی کے 56، بلوچستان اسمبلی کے 10 اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے 28 اراکین نے اپنے اور اپنے زیر کفالت افراد کے اثاثہ جات کے سالانہ گوشوارے الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرا دیئے ہیں۔

ہر مالی سال کے اختتام پر 29 ستمبر سے قبل تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کو اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرانا لازمی ہوتی ہیں۔ اثاثہ جات جمع نہ کرانے والے اراکین کو 15 اکتوبر کے بعد کام کرنے سے روک دیا جاتا ہے تاہم تفصلات جمع کرانے پر ان کی رکنیت بحال کر دی جاتی ہے