بھارتی صدر پرناب مکھر جی نے ریاست مہاراشٹرا میں صدر راج نافذ کردیا،ریاستی وزیراعلیٰ کے مستعفی ہونے کے بعد گورنرنے وفاقی حکومت سے ریاست میں صدرراج کے نفاذ کا مشورہ دیا تھا

منگل 30 ستمبر 2014 08:32

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30ستمبر۔2014ء) بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ پرتھوی راج چون کے مستعفی ہونے کے بعد ریاست میں صدر راج نافذ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹرا میں کانگریس اور شرد پوار کی نیشلسٹ کانگریس پارٹی کے 15 سالہ سیاسی اتحاد کے خاتمے کے بعد ریاست کے وزیراعلیٰ پرتھوی راج چون نے استعفیٰ دے دیا جس کے بعد بھارت کے صدر پرناب مکھرجی نے ریاست میں صدر راج نافذ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل مہاراشٹرا کے این پی سی سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ نے استعفیٰ دے دیا تھا جسے گورنر ودیا ساگر راوٴ نے گزشتہ روز قبول کیا۔ وزیراعلیٰ کے استعفیٰ کے بعد مہاراشٹرا کے گورنر نے مرکزی حکومت سے ریاست میں صدر راج کے نفاذ کا مشورہ دیا تھا جب کہ نئی اسمبلی کے چناوٴ کے لئے انتخاب 15 اکتوبر کو ہوں گے۔