وفاقی وزیر پانی بجلی ودفاع خواجہ محمد آصف کا نیسپاک ہاؤس لاہور کا دورہ، ادارہ کی کارکردگی اورجاری پراجیکٹس پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی

منگل 30 ستمبر 2014 08:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30ستمبر۔2014ء) وفاقی وزیر پانی، بجلی ودفاع خواجہ محمد آصف نے پیر کے روز نیسپاک ہاؤس لاہور کا دورہ کیا جہاں انہیں منیجنگ ڈائریکٹر نیسپاک امجد اے خان نے ادارہ کی کارکردگی‘جاری پراجیکٹس پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر سیکرٹری ہاؤس و بجلی نرگس سیٹھی‘چیئرمین پی اینڈ ڈی عرفان الہی سمیت نیسپاک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان بھی موجود تھے۔

ایم ڈی نیسپاک نے وفاقی وزیر کو بورڈ کی 138ویں میٹنگ کے فیصلوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ نیسپاک اندرون و بیرون ملک انرجی‘ہائی ویز‘انوائرمنٹ‘پبلک ہیلتھ‘انجینئرنگ‘آرکیٹکچر اور پلاننگ سیکٹر کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کو مزید بتایا گیا کہ نیسپاک 6600 میگا واٹ کے گڈانی پاور پراجیکٹ‘969 میگا واٹ نیلم جہلم ہائیڈرو و الیکٹرک پراجیکٹ‘747 میگا واٹ کمبائنڈسائیکل پاور پلانٹ گڈو‘رحیم یار خان500 کے وی سب سٹیشن اینڈ ایسوسی ایٹڈ ٹرانسمیشن لائنز سمیت دیگر منصوبوں پر انجینئرنگ کنسلٹینسی سروسز فراہم کر رہا ہے۔

خواجہ محمد آصف کو بتایا گیا کہ نیسپاک نے حال ہی میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور برطانیہ میں بطور نیسپاک یوکے لمیٹڈ کے نام سے رجسٹر کیا گیا ہے جبکہ نیسپاک برطانیہ کی کمپنیوں کے ساتھ روابط قائم کرنے کے لئے کام کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں آئندہ 15 سے 20 روز میں برطانوی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے بھی کئے جائیں گے۔وفاقی وزیر کو بتایا کہ نیسپاک اپنی آمدنی کا 35 فیصد سعودی عرب‘افغانستان‘قطر‘اومان اور ایرن میں قائم دفاتر کے ذریعے انٹرنیشنل پراجیکٹ کے ذریعے حاصل کر رہا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے نیسپاک کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب سے ہونے والے نقصان سے بچنے کے لئے اقدامات میں حکومت کی مدد کرے اور اس بات پر زور دیا کہ دریاؤں سے تجاوزات کے خاتمے سمیت صوبائی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔قبل ازیں نیسپاک کے 42 ویں سالانہ جنرل اجلاس اور 138 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چیئرپرسن نرگس سیھٹی نے کیا جبکہ دیگر ارکان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

بورڈ نے 137 ویں بی او ڈی اجلاس کے نکات اور نرگس سیٹھی کی بطور چیئرپرسن تقرری کی توثیق کی۔ اجلاس میں آڈیٹر کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی جبکہ نیسپاک کے سٹاف کے لئے تنخواہ میں 10 فیصد ایڈہاک ریلیف اور بونس کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں مختلف‘مالی و انتظامی امور بھی زیر بحث لائے گئے اور ان کو حتمی شکل دی گئی۔