آسٹریلوی کرکٹ ٹیم پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے دبئی پہنچ گئی ،1ٹی 20، 3ون ڈے اور 2ٹیسٹ میچز کھیلے جائینگے ، واحد ٹی 20پانچ اکتوبر کو دبئی میں ہوگا ،تین ون ڈے 7، 10 اور 12 اکتوبر کو بالترتیب شارجہ، دبئی اور ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے،پہلا ٹیسٹ میچ 22 سے 26 اکتوبر تک دبئی ، ابوظہبی 30 اکتوبر سے تین نومبر تک ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا،پاکستانی ٹیم بہت اچھی ہے اور اس کے خلاف سیریز انتہائی سخت ہوگی، جیمز فاکنر، ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے پاکستان کے خلاف سیریز کی بڑی اہمیت ہے ارون فنچ

منگل 30 ستمبر 2014 08:04

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30ستمبر۔2014ء)آسٹریلوی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے پیر کے روز دبئی پہنچ گئی ہے اس دورے میں ایک ٹی ٹوئنٹی تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ پانچ اکتوبر کو دبئی میں ہوگا۔تین ون ڈے انٹرنیشنل سات، دس اور 12 اکتوبر کو بالترتیب شارجہ، دبئی اور ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔

پہلا ٹیسٹ میچ 22 سے 26 اکتوبر تک دبئی میں ہوگا جبکہ ابوظہبی 30 اکتوبر سے تین نومبر تک ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا۔آسٹریلوی ٹیم کے آل راوٴنڈر جیمز فاکنر کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم بہت اچھی ہے اور اس کے خلاف سیریز انتہائی سخت ہوگی کیونکہ پاکستانی کرکٹروں کو متحدہ عرب امارات کے موسم اور وکٹوں کا بخوبی اندازہ ہے۔

(جاری ہے)

جیمز فاکنر کا کہنا ہے کہ جب بھی آپ کسی ملک کے خلاف کھیلتے ہیں تو چاہے وہ ایک میچ کی سیریز ہو یا تین یا پانچ کی وہ چیلنجنگ ہوتی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی کپتان ہیں جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ نے کہا کہ ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے پاکستان کے خلاف سیریز کی بڑی اہمیت ہے۔جیمز فاکنر کا کہناہے کہ ان کی ٹیم اس سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے خلاف شکست کو ذہن سے نکال کر میدان میں اترے گی۔یاد رہے کہ اس سال مارچ میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے گروپ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 16 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ اکتوبر کو ہونے والے واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے لیے آسٹریلیا نے ایرون فنچ کی شکل میں نیا کپتان مقرر کیا ہے کیونکہ جارج بیلی نے آئندہ ٹی ٹوئنٹی نہ کھیلنے کا فیصلہ کیاہے۔پاکستانی ٹیم کی قیادت ایک بار پھر شاہد آفریدی کو سونپی گئی ہے تاہم پاکستانی ٹیم کو پوری سیریز ورلڈ کلاس آف سپنر سعید اجمل کے بغیر کھیلنی ہے جنھیں ان دنوں مشکوک بولنگ ایکشن کی وجہ سے معطلی کا سامنا ہے۔

پاکستانی ٹیم کے لیے ایک اور بری خبر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر بھی امپائروں کا اعتراض سامنے آنا ہے۔اگرچہ محمد حفیظ کو بولنگ کرنے سے نہیں روکا گیا ہے تاہم چیمپیئنز لیگ کے دوران امپائروں نے ان کے بولنگ ایکشن کے بارے میں رپورٹ کر کے انٹرنیشنل امپائرز کو بھی چوکنا کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :