حکومت سندھ بندرگاہوں کو بچائے،کورنگی ٹریک کی فش ہاربر جیٹی کو قبضہ مافیا سے بچایا جائے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے ادارے قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن لیں ‘پورٹس اینڈ شپنگ کمیٹی کی ہدایت،جنوبی ایشیائی ممالک کی اکثریت سمگلنگ میں ملوث ہے، ایران او ربھارت کے نام سرفہرست،کوئی بہتر قانون سازی نہیں ہورہی قیمتی اور نایاب مچھلیوں کو سمگل کیا جا رہا ہے،کمیٹی کو بریفنگ

منگل 30 ستمبر 2014 08:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30ستمبر۔2014ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بندرگاہوں و جہازرانی نے حکومت سندھ سے سفارش کی ہے کہ وہ بندرگاہوں کو بچانے کیلئے فوری اقدامات کرے ۔ کورنگی ٹریک کی فش ہاربر جیٹی کو قبضہ مافیا سے بچایا جائے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے ادارے قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن لیں ‘پورٹ پر ریٹ نکالنے کیلئے کام کو تیز کیا جائے‘ کراچی میں پورٹ اینڈ شپنگ ریفارمز کیلئے عید کے بعد ہنگامی اجلا س طلب کرلیا گیا ہے جبکہ پورٹ اینڈ شپنگ کی نجکاری کے سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ تائیوان حکومت نے سرمایہ کاری کیلئے دس کروڑ ڈالر کی پیشکش کی ہے جس کیلئے متعدد تجاویز زیر غور ہیں۔

پیر کے روز پورٹس اینڈ شپنگ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس کی صدارت سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کی جبکہ رانا محمد حیات ‘ سیما محی الدین جمالی ‘ شاہین شفیق ‘ پیر محمد اسلم ‘ خلیل جارج ‘ عمار علی خان مسیح ‘ محمد سلمان خان بلوچ اور دیگر ممبران اسمبلی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پورٹ اینڈ شپنگ کے وفاقی و صوبائی بیورو کریسی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ کامران مائیکل کی اجلاس میں عدم شرکت پر بھی ممبران اسمبلی نے احتجاج کیا۔

اس موقع پر بیورو کریسی کے حکام نے بتایا کہ سندھ میں مچھلی کی سمگلنگ ہورہی ہے۔ ڈھائی لاکھ مربع فٹ کی حفاطت پاک بحریہ کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی ایشیائی ممالک کی اکثریت سمگلنگ میں ملوث ہے جن میں ایران او ربھارت کے نام سرفہرست ہیں ۔ اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ضائع ہورہی ہے مچھلی کی اسمگلنگ روکنے کیلئے کوئی بہتر قانون سازی نہیں ہورہی قیمتی اور نایاب فشز کو سمگل کیا جا رہا ہے ۔

اس موقع پر کمیٹی کے چیئرمین سید غلام مصطفیٰ نے کہا ہے کہ اس اسمگلنگ کو روکنے کے لئے کیا اقدامات کئے جائیں جس پر ایڈیشنل سیکرٹری پورٹس اینڈ شپنگ نے بتایا کہ ہمیں بلوچستان حکومت کی طرف قانون سازی کرنی ہوگی اور جنوبی ایشیاء سمیت دیگر ممالک کو فشنگ کیلئے لائسنس جاری کرنے ہوں گے۔ پٹرولنگ کے نظام کو بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فشریز پاکستان کے عوام کا قومی اثاثہ ہے جسے اسمگلنگ کرکے لوٹا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں گوادر پورٹ میں جلد الگ سے بریفنگ کا اہتمام کیا جائے گا جس مین سندھ حکومت کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا اس موقع پر بیورو کریسی کے حکام نے بتایا کہ فشریز کا کاروبار سندھ میں مقامی لوگوں کیلئے ایک روزگار کی حیثیت رکھتا ہے۔ تاہم جسے اسمگلنگ کیا جارہا ہے اور اس میں مخصوص مافیا ہے جس میں حکومت میں شامل لوگ اس کی سرپرستی کررہے ہیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری پورٹس اینڈ شپنگ نے بتایا کہ تائیوان حکومت کی جانب سے پورٹس اینڈ شپنگ میں سرمایہ کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا جارہا ہے اور وہ دس کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ قبل ازیں ممبر اسمبلی رانا محمد حیات نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاقی حکومت کا کوئی کردار نہیں رہا یہ صرف تجاویز دے سکتی ہے بہتر ہوگا کہ اس کو پرائیویٹائز کردیا جائے۔

متعلقہ عنوان :