صوبے کے تمام سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں متاثرین کی بحالی اور امداد کا عمل شروع کر دیا گیا ہے،ترجمان حکومت پنجاب ، وزیراعلیٰ پنجاب سیلاب کے دوران گجرات ، سیالکوٹ سے رحیم یار خاں تک سیلاب متاثرین کے ساتھ رہے، زعیم حسین قادری

منگل 30 ستمبر 2014 08:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30ستمبر۔2014ء) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر و ترجمان حکومت پنجاب سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سیلاب کے دوران گجرات ، سیالکوٹ سے رحیم یار خاں تک سیلاب متاثرین کے ساتھ رہے اور ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیوں خود نگرانی کی۔صوبے کے تمام سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں متاثرین کی بحالی اور امداد کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع گجرات میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں شہباز پور ، کاں مولا اور متاثرین سیلاب میں عید گفٹس تقسیم کرنے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے محکمہ صحت اور لائیوسٹاک کی طرف سے لگائے گئے ، میڈیکل کیمپس کا بھی معائنہ کیا اور وہاں پر موجود ادویات اور دیگر سہولیات کے حوالہ سے دریافت کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ ، ایم این اے نوابزادہ مظہر علی خاں ، ایم پی ایز چوہدری محمد اشرف دیونہ ، نوابزادہ حیدر مہندی، اے سی سیٹلمنٹ وقار خاں اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ، ارکان اسمبلی اور سرکاری افسران نے اس موقع پر 12سو سیلاب متاثرین میں عید گفٹس تقسیم کیے ۔ یہ گفٹ پیک آٹا ، گھی ، چینی ، دالوں ، مشروبات اور مچھر مار لوشن پر مشتمل ہے ۔

مشیر وزیراعلیٰ پنجاب و ترجمان حکومت پنجاب سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ دوست وہ ہے جو مصیبت کے وقت میں کام آئے عوام نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دئیے اب یہ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اس مشکل وقت میں متاثرین سیلاب کی مدد کریں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر سخت رنجیدہ تھے اور میں نے خود انہیں عوام کو مصیبت میں دیکھ کر سخت غم زدہ دیکھا ۔ سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالہ کیلئے 7، سات ارب روپے کے فنڈز مہیا کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص یہ سمجھتا ہے کہ وہ سیلاب سے متاثر ہوا ہے لیکن اسے اس کا حق نہیں ملا ایسے افراد کی شکایات کے ازالہ کیلئے کمیٹیاں بنا دی گئیں ہیں جو کہ 24گھنٹے میں ان شکایات پر فیصلہ کریں گی ۔

ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ ، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر عابد حسین غوری اور دیگر افسران نے مشیر وزیراعلیٰ پنجاب و ترجمان حکومت پنجاب سید زعیم حسین قادری کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات امداد اور بحالی کے سلسلہ میں اقدامات سے آگاہ کیا ۔