و ائس ایڈمرل محمد ذکاء اللہ چیف آف دی نیول اسٹاف تعینا ت ،پاک بحریہ کے نئے سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے پر ایڈمرل رینک کا اطلاق ہو گا،07 اکتوبر سبکدوش ہونے والے ایڈمرل محمد آصف سندیلہ سے پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھالیں گے

جمعہ 3 اکتوبر 2014 07:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اکتوبر۔2014ء)صدرِ پاکستان نے وائس ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کو چیف آف دی نیول اسٹاف تعینات کر دیا ہے اور انہیں ایڈمرل کے رینک پر ترقی دے دی ہے۔ پاک بحریہ کے نئے سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے پر ایڈمرل رینک کا اطلاق ہو گا۔وائس ایڈ مرل محمد ذکاء اللہ 07 اکتوبر2014کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے ایڈمرل محمد آصف سندیلہ سے پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھالیں گے۔

تبدیلی کمانڈ کی تقریب پی این ایس ظفر، نیول کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔وائس ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے جون1978کو پاکستان نیوی کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ کمیشنگ کے موقع پرپاکستان نیول اکیڈمی سے آپ نے اعزازی شمشیرحاصل کی۔گریجویشن کے موقع پر آپ نے چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈل بھی حاصل کیا۔

(جاری ہے)

امتیازی سروس کے دوران آپ نے آپریشنل، تربیتی اور کمانڈ عہدوں کا وسیع تجربہ حاصل کیا۔

آپ کی کمانڈ تعیناتیوں میں تباہ کن بحری جہاز اور 25thڈسٹرائر اسکواڈرن کی کمانڈ،کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی،کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کثیرالقومی میری ٹائم ٹاسک فورس کی کمانڈ شامل ہے۔

آپ کی اہم سٹاف تعیناتیوں میں اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف(پلانز)،قطر میں دفاعی اتاشی، ڈائریکٹر جنرل نیب (راولپنڈی)،چیف انسپکٹر(نیوی)،ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ پرسنیل)، نیول سیکرٹری اورڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف(آپریشنز) شامل ہیں۔

چیف آف دی نیول اسٹاف کی تعیناتی سے قبل آپ نیول ہیڈ کوارٹرز میں وائس چیف آف نیول اسٹاف کی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے تھے۔آپ برطانیہ کے رائل نیول اسٹاف کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آبادکے گریجویٹ ہیں۔آپ نے لندن یونیورسٹی سے ڈیفنس سٹڈیز اور قائداعظم یونیورسٹی سے وار سٹڈیز میں ماسٹرزکی ڈگری حاصل کی ہے۔آپ کشتی رانی کے شوقین ہیں جنہوں نے کئی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی جن میں امریکہ میں منعقدہ 1984ء کے اولمپیکس مقابلے،1986ء کو شمالی کوریا میں منعقدہ ایشین گیمز اور 1990ء کو چین میں منعقدہ ایشین گیمز شامل ہیں۔

آپ نے ایشین گیمز میں دو مرتبہ گولڈ میڈل حاصل کیا ہے اور انٹرنیشنل سیلنگ چیمپئن شپس میں مختلف ایوارڈز بھی حاصل کئے ۔آپ کی پیشہ وارانہ خدمات کے عوض آپ کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی، صدارتی تمغہ، تمغہ امتیاز(ملٹری)،ستارہ امتیاز(ملٹری) اور ہلال امتیاز(ملٹری) سے نوازا گیا۔