ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹیو کا مستعفی ہونے سے انکار،مظاہرین کو مذاکرات کی دعوت

جمعہ 3 اکتوبر 2014 08:19

ہانگ کانگ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اکتوبر۔2014ء)ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹیو سی وائے لیونگ نے مستعفی ہونے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے مظاہرین کو بات چیت کی دعوت دی ہے۔ہانگ کانگ میں مظاہرین نے چیف ایگزیکٹیو سی وائے لیونگ کو مستعفی ہونے کے لیے جمعہ و جمعرات کی درمیانی شب تک مہلت دے رکھی تھی اور اس مہلت کے ختم ہونے سے پہلے سی وائے لیونگ نے ایک اخباری کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری عمارتوں پر قبضے کی کوشش کرنے والوں کو پولیس کی جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انھوں نے کہا کہ کانگ کانگ کے سینیئر ترین سرکاری افسر کیری لیم جلد از جلد طالب علموں کے رہنماوٴں سے بات چیت شروع کریں گے۔ہانگ کانگ میں مظاہرہ کرنے والے طلبہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر چیف ایگزیکٹیو سی وائے لیونگ مستعفی نہیں ہوتے تو وہ اپنے احتجاج کو بڑھاتے ہوئے سرکاری عمارتوں پر قبضہ کر لیں گے۔

(جاری ہے)

طالب علم رہنما لیسٹر شم نے کہا کہ اگر سی وائے لیونگ مستعفی نہیں ہوئے تو مظاہرین سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرنا شروع کر سکتے ہیں۔

ہانگ کانگ کے مرکزی علاقے میں گذشتہ کئی روز سے جاری احتجاج چین کے65ویں قومی دن کے موقعے پر جاری رہا اور اس میں ہزاروں افراد شامل ہوئے۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ 2017 میں ہانگ کانگ کی قیادت کے لیے ہونے والے انتخابات میں چین امیدواروں کے ناموں کی منظوری دینے کا فیصلہ واپس لے۔اس سے پہلے چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی نے ہانگ کانگ میں’غیر قانونی‘ احتجاج کے خلاف سخت تنبیہ کی ہے، جب کہ مظاہرین نے اس وقت تک احتجاج جاری رکھنے کا تہیہ کیا ہے جب تک چیف ایگزیکٹیو مستعفی نہیں ہو جاتے۔

ہانگ کانگ سٹوڈنٹس فیڈریشن کے نائب سیکریٹری لیسٹر شم نے کہا کہ ’آج (بدھ) یا کل (جمعرات) کو سی وائے لیونگ مستعفی ہو جائیں گے۔

دوسری صورت میں ہم اپنی تحریک کو بڑھاتے ہوئے سرکاری عمارتوں پر قبضہ کر سکتے ہیں یا ان کا محاصرہ کر سکتے ہیں۔‘ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹیو سی وائے لیونگ مظاہرین پر زور دے رہے ہیں کہ وہ بیجنگ کی طرف سے ہانگ کانگ کے انتخابی عمل میں کی جانے والی اصلاحات کی حمایت کریں۔

بدھ کو مظاہرین نے ان کے خلاف نعرے بازی کی اور جب قومی ترانہ بجایا گیا تو وہ اس کی طرف پشت کر کے کھڑے ہو گئے۔چین کا کہنا ہے کہ ان کی طرف سے کئی گئی اصلاحات ہانگ کانگ میں خوشحالی اور استحکام کی ضمانت دیں گی۔مظاہرین ہانگ کانگ شہر کے مرکزی تجارتی علاقہ کازوے بے اور مانگ کاک کے علاقے میں جمع ہیں۔ شہر میں سم شا سوی کے علاقے کیٹن روڈ وہ چوتھا مقام ہے جہاں پر مظاہرین جمع ہو گئے ہیں۔بدھ کو انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے چینی حکام پر زور دیا کہ وہ فوری اور غیر مشروط طور پر ان 20 افراد کو رہا کریں جنھیں چین میں ہانگ کانگ میں مظاہرین کی حمایت کرنے پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :