سندھ میں چند سالوں سے سیلاب، بارشوں اور قحط کے باعث بحرانوں کا سامنا رہا ، قائم علی شاہ،مخالفین میں سے کسی نے بھی سندھ کے لوگوں کی داد رسی نہیں کی،یہ صرف پیپلز پارٹی ہی تھی جس نے لوگوں کی اس مشکل گھڑی میں مدد کی ،وزیر اعلیٰ سندھ

جمعہ 3 اکتوبر 2014 08:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اکتوبر۔2014ء)وزیراعلیٰ سند ھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں گذشتہ چند سالوں سے سیلاب بارشوں اور قحط کاری کے باعث بحرانوں کا سامنا رہا،مگر مخالفین میں سے کسی نے بھی سندھ کے لوگوں کی داد رسی نہیں کی۔یہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہی تھی جس نے لوگوں کی اس مشکل گھڑی میں مدد کی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بیروزگار نوجوانوں کو روزگار،فنی تربیت، غریب ہاریوں کو زمین مہیا کرنے اور غریبوں کی مالی مدد فراہم کرنے کے پروگراموں پرعمل کرکے غریبوں کے وسائل میں اضافہ کیا اور انکے کیلئے روٹی کپڑا اورمکان کے پروگرام کو عملی جامہ پہنایا،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے گذشتہ دورہ حکومت میں 3-لاکھ نوجوانوں کو براہ راست روزگار اور ایک لاکھ 80-ہزار بے روزگار نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرنے کے علاوہ نوجوانوں کو پاکستان ایئرفورس میں بھرتی کرانے کیلئے سندھ میں دو بڑے تربیتی ادارے ایک نوابشاہ اور دوسرا پنوعاقل میں قائم کئے ہیں، جہاں پر تربیت حاصل کرکے سندھ کے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ نوجوان فوج میں روزگار کے مواقعے حاصل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو روزگار دیا کے حصول کیلئے صرف پیپلز پارٹی سے ہی امیدیں وابستہ ہوتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج شام پیپلز پارٹی کے رہنما شہنشاہ کی رہائشگاہ پر سینئر صحافیوں اور مدیراں کے ساتھ بات چیت کر تے ہوئے کیا ، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بے روزگاری اور غربت سندھ کا بہت بڑا مسئلا ہے اور پی پی کی حکومت غربت میں کمی کیلئے متعدد پروگرام شروع کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب ہم گڈو سے شاہ بندر تک سندھ کے کچے کے علاقے کی سرکاری زمین غریب ہاریوں کو 20سالوں کیلئے لیز پر د ینے کاپروگرام ترتیب دے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔مگر الیکشن کے انعقاد کا بندوبست الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بلدیاتی الیکشن کرانے کیلئے مطلوبہ تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں، جن میں حلقہ بندی بھی شامل ہے،انہوں نے کہا کہ یہ کام الیکشن کمیشن آف پاکستان اور وفاق کا ہے کہ وہ کب الیکشن کرائیں، جس کیلئے سندھ حکومت مکمل طور پر تیار ہے،انہوں نے کہا کہ ہم تھر میں قحط سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے گذشتہ تین سالوں سے لوگوں کو مفت گندم فراہم کررہے ہیں، جبکہ تھر کے لوگوں کی معیار زندگی کو بہتر بنانے انکی قوت و خرید میں اضافے کیلئے اہم عمل پیرا ہیں۔

جبکہ سیلاب، بارشوں اور قحط جیسی قدرتی آفات کے دوران مخالفین میں سے کسی نے عوام کی داد رسی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ 18اکتوبر کو کراچی میں پیپلز پارٹی کا بہت بڑا جلسہ ہوگا،جوکہ ماضی کے تمام ریکارڈ کو توڑدیگا۔جس میں لوگ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کی محبت میں شریک ہونگے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے دھرنو ں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دھرنا دینے کے اصل مقاصد دھرنا دینے والی جماعتیں اور لیڈروں کو ہی خبر ہوگی،جہاں تک دھرنے کا تعلق ہے تو یہ ملک اور جمہوریت پر مثبت اثرات نہیں پڑ رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں اور جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی اپنا فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔