دورآمریت اور مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دینے والے رہنما اور کارکن ہمارا قیمتی سرمایہ اور دل کی دھڑکن ہیں،وزیر اعظم ، انہیں کسی طور پربھی نظرانداز نہیں کیاجاسکتا سینٹ انتخابات اور پارٹی کومزید منظم اور فعال بنانے کیلئے موثرحکمت عملی اپنائی جائیگی ، سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے رکن صوبائی سینئر نائب صدر سیدال خان ناصر کو ٹاسک دیدیا گیا

اتوار 5 اکتوبر 2014 09:16

کوئٹہ/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5اکتوبر۔2014ء)وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ دورآمریت اور مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دینے والے رہنما اور کارکن ہمارا قیمتی سرمایہ اور دل کی دھڑکن ہیں انہیں کسی طور پربھی نظرانداز نہیں کیاجاسکتا سینٹ انتخابات اور پارٹی کومزید منظم اور فعال بنانے کیلئے موثرحکمت عملی اپنائی جائیگی اس حوالے سے سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے رکن صوبائی سینئر نائب صدر سیدال خان ناصر کو ٹاسک دیدیا گیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سیدال خان ناصر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی اس موقع پرمیاں محمد نوازشریف کو بلوچستان کی سیاسی اور مجموعی صورتحال سمیت پارٹی کے حوالے سے آگاہ کیا میاں محمد نوازشریف نے کہاکہ آمریت کے دور میں جو رہنما اور سیاسی کارکن پارٹی کیساتھ وابستہ رہتے ہوئے اس مشکل اورکٹھن دور میں پارٹی کا ساتھ دیا وہ کسی تعارف کے محتاج نہیں انہوں نے سختیاں برداشت کیں وہ میرے دل کی دھڑکن اور ماتھے کاجھومر ہیں جنہیں چاندی اور سونے میں تولوں گا

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن عام انتخابات میں عوام کے ووٹ سے منتخب ہوکر واضح اکثریت سے سامنے آئی بلوچستان میں اکثریتی پارٹی ہونے کے باوجود بلوچستان کی پسماندگی اور عوام کے احساس محرومی کو مدنظر رکھتے ہوئے ماضی میں ہونے والے تجربات اور بلوچ پشتون قوم پرستوں کے خدشات اورتحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے بلوچ اور پشتون قوم پرستوں کو حکومت دی اور پارٹی کی اکثریت کی قربانی دیکر ایک نئے دور کا آغاز شروع کیا تاکہ بلوچستان کی پسماندگی کو دور کرکے یہاں کے حالات کو بہتر بنایا جاسکے اتحادی حکومت میں چھوٹے چھوٹے اختلافات پیدا ہوتے رہتے ہیں انہیں باہمی تعاون اور مشاورت کے ذریعے حل کرلیا جاتا ہے اور مجھے امید ہے کہ صوبائی حکومت اعتماد پر پورا ترے گی جو میں نے اس پر کیا ہے ملک بھر میں وفاقی محکموں میں بھرتیوں پر عائد پابندی کو ختم کیا گیا ہے اور بلوچستان کو اس کے کوٹے سے زائد ملازمتیں دی جائیں گی تاکہ بلوچستان کے ہونہار اور قابل نوجوانوں کو روز گار کے مواقع میسر آسکیں اور وفاقی محکموں میں آکر اپنی خدمات سرانجام دیں حکومت نے برسراقتدار آنے کے بعد ملک بھر میں جو ترقیاتی منصوبوں کا آغا زکیا ان میں سے 40فیصد ترقیاتی منصوبے بلوچستان میں شروع ہوئے ہیں جس میں گڈانی پاور پروجیکٹ ،گوادر پورٹ کی فعالیت ، کاشغر شاہراہ سمیت گوادر انڈسٹریل زون سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کو اس کے حصے سے زیادہ یا جائے تاکہ عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کو ختم کیا جاسکے مسلم لیگ ن تمام مسائل اور دیگرجماعتوں کے تحفظات کو افہام وتفہیم کے ذریعے آئینی وسیاسی طور پر حل کرنا چاہتی ہے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی پوزیشن کے حوالے اور آنے والے سینٹ انتخابات اور پارٹی کو مزید منظم اور فعال بنانے کا ٹاسک سیدال خان ناصرکو دیتے ہوئے بلوچستان کے سیاسی اور معروضی حالات سمیت مسلم لیگ ن کی حکومت صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کی مفصل رپورٹ بھی طلب کی ہے تاکہ پارٹی کارکنوں میں پائی جانیوالے بے چینی اور مایوسی کو ختم کیاجاسکے انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے کیساتھ ساتھ گوادر پورٹ کو فعال بنا کر صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائے گی تاکہ بلوچستان کے احساس محرومی کو ختم کیا جاسکے اور صوبے کو پاکستان کے دیگر صوبوں کے برابر لایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :