پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان واحد ٹی20 آج دبئی میں کھیلا جائے گا، آسٹریلیا کیخلاف میچ اہم ہے، محمد حفیظ کی غیرموجودگی میں نوجوان کھلاڑیوں پرذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں،کپتان شاہد آفریدی ، محمد حفیظ بہت بڑا کھلاڑی ہیں جن کی غیر موجودگی کا احساس پاکستانی ٹیم کو ہوگا تاہم آسٹریلین ٹیم کے بھی بعض نامور کھلاڑی انجری کا شکار ہیں ، ایرون فنچ

اتوار 5 اکتوبر 2014 09:12

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5اکتوبر۔2014ء) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی 20 سیریز کا واحد میچ آج دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق میچ رات 9 بجے شروع ہوگا۔دبئی میں موجود قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی اور آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے پریس کانفرنس کی اس موقع پرشاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی اہم ہے اور آل راوٴنڈر محمد حفیظ کے زخمی ہونے کے بعد نوجوان کھلاڑیوں پرذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں، ہمیں پیچھے مڑ کر نہیں دیکھنا کہ ٹیم میں اب کون نہیں ہے بلکہ آسٹریلیا کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم کو دوبارہ تیار کرنا ہوگا جس کے لئے آسٹریلیا کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میں نوجوان کھلاڑیوں کو جذبے سے کھیلنا ہوگا۔

(جاری ہے)

آسٹریلوی ٹی20 ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے پاکستان کے خلاف سیریز کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ محمد حفیظ بہت بڑا کھلاڑی ہیں جن کی غیر موجودگی کا احساس پاکستانی ٹیم کو ہوگا تاہم آسٹریلین ٹیم کے بھی بعض نامور کھلاڑی انجری کا شکار ہیں جس کے باعث وہ ٹیم کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔

پاکستانی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل احمد شہزاد، عمر اکمل، عمر امین، صہیب مقصود، اویس ضیا، سعد نسیم، رضا حسن، محمد عرفان، وہاب ریاض، بلاول بھٹی، انور علی اور سہیل تنویر شامل ہیں جبکہ شاہد آفریدی ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ آسٹریلیا کی ٹیم ایرون فنج ، ڈیوڈ وارنر، گلین میکسویل، فل ہوگ، اسٹیون اسمتھ، بریڈ ہیڈن ، جیمس فالکر، سین ایبٹ، مچل اسٹارک، کین رچرڈسن، اسٹیو کوفی، نیتھن لیون اور کیمرون بائیس پر مشتمل ہے۔