سابق صدر آصف علی زرداری اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹر ریفرنسز سے بری، ایس ایس جی کوٹیکنا کیس کی سماعت 17 دسمبر تک ملتوی

ہفتہ 13 دسمبر 2014 08:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13دسمبر۔2014ء) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کو اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹر ریفرنسز سے بری کر دیا۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹر ریفرنسز میں بریت کی درخواست پر سماعت کی۔ سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ میرے موکل کیخلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات بنائے گئے۔

(جاری ہے)

کرپشن ریفرنسز کے مرکزی ملزمان بری ہو چکے ہیں جبکہ صدارتی استثنیٰ کے باعث آصف علی زرداری کا ٹرائل پہلے نہیں ہو سکا۔ انہوں نے استدعا کی آصف زرداری کی بریت کی درخواست منظور کی جائے۔ نیب پراسیکیوٹر چودھری ریاض نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کیخلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں جو عدالت کو پیش کیے گئے۔ دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے آصف علی زرداری کی اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹر ریفرنسز میں بریت کی درخواست منظور کرلی۔ سابق صدر کیخلاف ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسز کی سماعت سترہ دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔واضح رہے کہ احتساب عدالت پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو پولو گراوٴنڈ ریفرنس میں پہلے ہی بری کرچکی ہے۔

متعلقہ عنوان :