کرپشن کے خاتمے کیلئے قوم کو اجتماعی سطح پر ”نو ٹو کرپشن“ کہنا ہوگا، قمرزمان چوہدری ، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کرپشن انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن میں بہتری حوصلہ افزاء ہے، چیئرمین نیب

ہفتہ 13 دسمبر 2014 08:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13دسمبر۔2014ء)چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری نے کہا ہے کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے لوگوں میں آگہی پیدا کرنا بہت ضروری ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کرپشن انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن میں بہتری حوصلہ افزاء ہے، کرپشن کے خاتمے کیلئے قوم کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر ”نو ٹو کرپشن“ کہنا ہوگا۔ وہ گزشتہ روز انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے کی مناسبت سے واپڈا ہاؤس لاہور میں بطورمہمانِ خصوصی منعقدہ سمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

جس کا مقصد کرپشن کی وجہ سے پیدا ہونے والی خرابیوں کے بارے میں شعور پیدا کرنا تھا۔سیمینار مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین بشمول مجیب الرحمن شامی، جسٹس(ریٹائرڈ) ناصرہ جاوید اقبال، امجد اسلام امجد، مذہبی سکالر صاحبزادہ محمد امانت رسول، ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب انور رشید، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف اور چیئرمین واپڈا ظفر محمود نے بھی سمینار سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیب نے کہا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے لوگوں میں آگہی پیدا کرنا بہت ضروری ہے۔ نیب اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اوراپنے فرائض کی انجام دہی کیلئے بھرپور کوشش کر رہا ہے ۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کرپشن انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن میں بہتری حوصلہ افزاء ہے اور پاکستان کی یہ پوزیشن 1995 ء میں پہلے انڈیکس کے اجراء سے آج تک سب سے بہتر پوزیشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے قوم کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر ”نو ٹو کرپشن“ کہنا ہوگا۔ انہوں نے سیمینار کے انعقاد پر واپڈاکو مبارکباد پیش کی۔چیئرمین واپڈا نے اپنے خطاب میں کہاکہ انسدادِ بدعنوانی کیلئے شعور بیدار کرنے کی خاطر واپڈا نے یہ سیمینار اپنی معاشرتی ذمہ داری کے تحت منعقد کیا ہے۔ واپڈا کرپشن کے تدارک کیلئے پر عزم ہے اور اس حوالے سے واپڈا میں موٴثر نظام موجود ہے۔

مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے وقت قائدِ اعظم نے دستور ساز اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں کرپشن اور اقرباء پروری کو نوزائیدہ ملک کیلئے سب سے بڑے مسائل قرار دیا تھا۔جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ جاوید اقبال نے معاشرے سے کرپشن کے خاتمے کیلئے خود احتسابی اور شعور کی بیداری پر زور دیا۔ امجداسلام امجد نے کہا کہ ہم سب کو مسئلے کا حصہ بننے کی بجائے کرپشن کے حل کا حصہ بننا چاہیےٴ۔

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے کرپشن کے خاتمے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت اجاگر کی۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب انور رشید نے اپنے محکمے کی جانب سے کرپشن کے خاتمے کیلئے کئے گئے اقدامات کی تفصیلات بیان کیں۔ صاحبزادہ محمد امانت رسول نے کہا کہ اسلامی اقدار کے نفاذ سے لوگوں میں کرپشن کے خلاف رجحان پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :