سبق سیکھ لیا کہ پانچ سال کرسی سے چپک کر بیٹھنا ہے،اروند کیجریوال، کالے دھن کے معاملے پر نریندر مودی نے کھوکھلا وعدہ کیا تھا جو وفا نہیں ہو سکا،انتخابی ریلی سے خطاب

پیر 15 دسمبر 2014 07:29

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2014ء)بھارت کی عام آدمی پارٹی (آپ) کے رہنما اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ اگر انھیں اب اقتدار ملا تو وہ استعفے کی غلطی نہیں دہرائیں گے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق گزشتہ شب دہلی میں ایک انتخابی ریلی کے دوران کیجریوال نے کہا، ’ہم سیاست میں نئے تھے، اس لیے استعفیٰ دینے کی غلطی ہوئی مگر ہم نے سبق سیکھ لیا ہے۔

کچھ بھی ہو جائے، پورے پانچ سال کرسی سے چپک کر بیٹھنا ہے۔کیجریوال نے اپنے خطاب میں شہر کی غیرقانونی بستیوں کو ریگولرائز کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا، ’ہم دہلی کی تمام غیر مجاز کالونیوں کو ایک سال میں قانونی دھارے میں لائیں گے۔اپنی تقریر کے دوران کیجریوال نے مودی حکومت پر وعدوں سے میرنے کا الزام لگایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کالے دھن کے معاملے پر نریندر مودی نے کھوکھلا وعدہ کیا تھا جو وفا نہیں ہو سکا۔

یادرہے کہ کیجریوال دہلی میں ریاستی انتخاب جیتنے کے بعد برسرِاقتدار آئے تھے تاہم 49 دن تک حکومت چلانے کے بعد رواں برس فروری میں انھوں نے لوک پال کے معاملے پر وزیرِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔دہلی اسمبلی اب تحلیل ہو چکی ہے اور وہاں جلد ہی انتخابات کرائے جائیں گے۔خیال رہے کہ کیجریوال کے استعفے کی وجہ سے ہی بی جے پی اور کانگریس سمیت مختلف سیاسی جماعتیں کیجریوال پر ’ذمہ داری سے فرار‘ کا الزام لگاتی رہی ہیں۔