دھاندلی کی تحقیقات،عدالتی کمیشن کیلئے آرڈیننس کا مسودہ تحریک انصاف کے حوالے،مسودہ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے دو سابق ججوں نے تیار کیا

پیر 15 دسمبر 2014 07:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2014ء) دھاندلی کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن کو بااختیار بنانے کے حوالے سے حکومت نے ایک آرڈیننس کا مسودہ تیار کرکے تحریک انصاف کے حوالے کر دیا ہے تاہم خدشہ ہے کہ تحریک انصاف اس آرڈیننس کو مسترد کردے گی کیونکہ یہ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے دو سابق ججوں نے تیار کیا ہے اور اس عمل میں تحریک انصاف کے کسی آئینی ماہر کو شامل نہیں کیا گیا۔

ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایا ہے کہ حکومت نے عام انتخابات میں دھاندلی کمیشن کو بااختیار بنانے اور اس کی جاری کردہ رپورٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے صدارتی آرڈیننس کا مسودہ تیار کیا ہے جو ٹی او آر کیساتھ رضامندی لینے کیلئے تحریک انصاف کی قیادت کو پیش کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سابق ججوں نے یہ مسودہ تیار کیا ہے جس میں سے ایک اس وقت بھی الیکشن کمیشن میں کام کررہے ہیں۔

مسودہ وزیر خزانہ اسحق ڈار نے تحریک انصاف کے راہنماء اسد عمر کو پیش کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے دو (ن) لیگی سابق ججوں کی جانب سے پیش کردہ مسودہ قابل قبول نہیں۔ مسودے میں کمیشن کو 45 روز میں تحقیقات مکمل کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ حتمی فیصلہ تحریک انصاف 15 دسمبر کے (آج) کے لاہور کے احتجاجی پروگرام کے بعد کرے گی اس کے بعد صدارتی آرڈیننس جاری ہوسکے گا۔