آصف زرداری اور بیٹے بلاول بھٹو زرداری کے مابین اختلافات سنگین رخ اختیار کر گئے،بلاول کے اپنے نانا اور بھٹو قبیلہ کے سردار ممتاز علی بھٹو سے لندن میں ملاقات کیلئے رابطے کا انکشاف

پیر 15 دسمبر 2014 07:49

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2014ء) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مابین اختلافات سنگین رخ اختیار کر گئے، بلاول کے اپنے رشتہ کے نانا اور بھٹو قبیلہ کے سردار ممتاز علی بھٹو سے ملاقات کیلئے رابطے کا انکشاف۔ اتوار کو یہاں باخبر سیاسی ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے بلاول میں اختلافات مزید سنگین ہو گئے ہیں۔

بلاول کسی صورت اپنے والد کی پالیسیوں کے مطابق پارٹی چلانے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلاول پی پی پی کے 5 سالہ دور میں ہونے والی مبینہ کرپشن خاص طور پر اپنی پھوپھی فریال تالپور کے بارے میں ملنے والے شواہد اور اپنی خالہ صنم بھٹو سمیت خاندان کے دیگر افراد کی جائیدادوں کے قبضے کے واقعات کی وجہ سے بھی سخت ناراض اور نالاں ہیں کہ وہ تمام واقعات کا ذمہ دار اپنے والوں کو سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے لندن میں مقیم ممتاز بھٹو سے خاندانی ذرائع کے ذریعے رابطہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ممتاز بھٹو بلاول کے نانا ذوالفقارعلی بھٹو کے فرسٹ کزن ہیں اور اس رشتہ سے وہ بلاول کے نانا ہیں اور وہ اس وقت بھٹو قبیلہ کے سردار بھی ہیں ۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہ ملاقات آئندہ چند روز میں کسی وقت بھی ہو سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :