کراچی، وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر تھر پارکر کے غریب لوگوں میں مفت گندم تقسیم کرنے کے پانچویں مرحلے کیلئے حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے اہم اجلاس، فیز 5 میں گندم کی مفت تقسیم کیلئے حکمت عملی تیار کی جاری ہے، ڈپٹی کمشنرز کی بریفنگ

پیر 15 دسمبر 2014 07:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2014ء) وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر تھر پارکر و عمر کوٹ کے غریب لوگوں میں مفت گندم تقسیم کرنے کے پانچویں مرحلے کیلئے حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے گذشتہ روز صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ کے ہیڈ آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں صوبائی وزراء سید علی مردان شاہ، دوست محمد راہموں، ایم این اے پیر نور محمد شاہ و دیگر ایم پی ایز اور پی ڈی ایم اے سندھ کے ڈائریکٹر جنرل سید سلمان شاہ ، محکمہ بحالیات کے ایڈیشنل سیکریٹری نزیر احمد دھون ، میر پور خاص کے کمشنرا ور مٹھی و عمر کوٹ کے ڈپٹی کمشنرز نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس میں ڈی جی سید سلمان شاہ نے منتخب عوامی نمائندوں اور وزراء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گندم کی مفت تقسیم کا چوتھا مرحلہ اختتامی مرحلے کے قریب ہے اور اب فیز 5، کے اگلے مرحلے میں گندم کی مفت تقسیم کیلئے حکمت عملی تیار کی جاری ہے تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام تک مفت گندم کی تقسیم کو یقینی بنایا جاسکے اور کوئی خاندان بھی محروم نہ رہے انہوں نے کہا کہ نادرا سے بھی رابط کیا جارہا ہے تاکہ ایک بار پھر نیا سروے کرایا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزراء و دیگر عوامی نمائندوں نے لوکل مینجمنٹ کمیٹیوں کومزید متحرک کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اجلاس میں مٹھی کے ڈپٹی کمشنر آصف جمیل نے بھی اجلاس میں بریفنگ دی اور تھر کی موجودہ صورتحال سے اجلاس کو آگاہ کیا ۔ڈی جی سید سلمان شاہ نے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پی ڈی ایم اے سندھ نے گذشتہ ہفتے 25، ہزار کمبل تھر کے پسماندہ علاقوں کے غریب عوام کیلئے بھیجے تھے اور اب مزید کمبل اور کجھوریں بھی بھیجنے کا بندوبست کیا جارہا ہے جبکہ تھر اور عمر کوٹ کے ہسپتالوں کی جانب بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ تھر کے ہر گاؤں تک مفت گندم کی تقسیم کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ سید سلمان شاہ نے کہا کہ تھر کے عوام کو مزید سہولتیں دینے کیلئے حکومت سندھ سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے اور اپنا ریلیف مشن جارہی رکھے ہوئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :