پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے امریکی باکسر ڈیون الیگزینڈر کو ہراکر سلور ویلٹر ویٹ لائٹ کا ٹائٹل جیت لیا،باکسنگ رنگ میں موجود تینوں ججز نے عامر خان کو متفقہ طور پر فاتح قرار دے دیا،عامر خان کا سکور 110‘ 119‘ 120‘ 108 اور امریکی باکسر کا 108‘ 100 اور 109 رہا،چیئرمین پاکستان ریفری جج کمیشن علی اکبر کی عامر خان کو مبا رکبا د، وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو مبارکباد،عامر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، نوجوان نسل اپنے کیریئر اور زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کرے ، وزیراعظم نوا ز شریف

پیر 15 دسمبر 2014 06:56

لاس ویگاس(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2014ء) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے امریکی باکسر ڈیون الیگزینڈر کو ہراکر سلور ویلٹر ویٹ لائٹ کا ٹائٹل جیت لیا‘ باکسنگ رنگ میں موجود تینوں ججز نے عامر خان کو متفقہ طور پر فاتح قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاس ویگاس میں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اور امریکی باکسر ڈیون الیگزینڈر کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔

باکسنگ رنگ میں عامر خان کا سکور 110‘ 119‘ 120‘ 108 اور امریکی باکسر کا 108‘ 100 اور 109 رہا۔ دونوں باکسرز کے درمیان کافی دیر تک پنجہ آزمائی کے بعد تینوں ججز نے متفقہ طور پر پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو فاتح قرار دے دیا۔ عامر خان نے تیسری مرتبہ سلور ویلٹر ویٹ لائٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

(جاری ہے)

کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ امریکی باکسر سے سخت مقابلہ ہوا۔

ڈیون الیگزینڈر سے کھیلنے کا موقع ملا اور غلطیاں کم کرنے کی وجہ سے کامیابی حاصل ہوئی۔ اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں جانتا تھا کہ برطانوی شائقین کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا۔ امریکی باکسر کی کارکردگی اچھی تھی۔ عامر خان کی کامیابی پر پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہوگیا اور کھیل کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

عامر خان کی کامیابی پر چیئرمین پاکستان ریفری جج کمیشن علی اکبر نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں ججز نے عامر خان کو متفقہ طور پر فاتح قرار دے دیا۔ عامر خان نے پانچویں کیٹگری میں سستی کا مظاہرہ کیا۔ امید ہے کہ وہ 2015ء کے مقابلے میں بھی جیت جائیں گے۔ عامر خان نے اپنے حریف کو اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیا۔ وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف‘ امیر جماعت اسلامی سراج الحق‘ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے عامر خان کو اس شاندار فتح پر مبارکباد دی ہے۔

ادھروزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو مبارکباد نئی نسل کو عامر خان کی کامیابی سے سبق سیکھنے کی ہدایت۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر کو امریکی باکسر ڈیون الیگزینڈر کو شکست دینے اور ان کی فتح پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ عامر خان نے اچھے اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ نوجوان نسل اپنے کیریئر اور زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کریں۔ پاکستان کی نوجوان نسل کو عامر خان کی کامیابیوں سے سیکھنا چاہئے۔