سپریم کورٹ (کل)کواقلیتوں کے حوالے سے مقدمات کی سماعت کرے گی ، جوڑے کوزندہ جلانے ،اقلیتی مذہبی عبادت گاہوں پرحملے اور قبضے سمیت کئی اہم معاملات شامل، چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ ازخود نوٹس کی سماعت کرے گا،17دسمبرکوسماجی کارکن پروین رحمان قتل کیس ،اورنواب وسان علی خان کی غوث علی شاہ کے خلاف درخواست کی سماعت ہوگی

پیر 15 دسمبر 2014 06:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15دسمبر۔2014ء )سپریم کورٹ (کل) 16دسمبر کواقلیتوں کے حوالے سے مقدمات کی سماعت کرے گی ان مقدمات میں بھٹے میں جوڑے کوجلائے جانے ،اقلیتی مذہبی عبادت گاہوں پرحملے اور قبضے سمیت کئی اہم معاملات شامل ہیں چیف جسٹس ناصرالملک ،جسٹس گلزاراحمداور جسٹس مشیر عالم پر مشتمل تین رکنی بنچ ازخود نوٹس کی سماعت کرے گا فریقین کواس حوالے سے باقاعدہ اطلاعاتی نوٹس بھی ارسال کردیے گئے ہیں جبکہ یہی بنچ مہلک بیماریوں سے متاثرہ خون کے استعمال بارے کوکب اقبال ایڈووکیٹ کی درخواست کی سماعت کے علاوہ17دسمبربدھ کے روزسماجی کارکن پروین رحمان قتل کیس ،اورنواب وسان علی خان کی جانب سے مسلم لیگ ن کے غوث علی شاہ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت بھی کرے گا۔

(جاری ہے)

جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ این آئی سی ایل کے مرکزی ملزم ایازخان اور چوہدری مونس الہیٰ کی جانب سے دائرنظرثانی کی درخواست جبکہ سترہ دسمبرکومذکورہ بنچ اوگراعمل درآمد کیس ،چارسوپچاس سی این جی اسٹیشن کامعاملہ ،اور وفاقی حکومت کی جانب سے سابق وزیر اعظم راجہ پرویزاشرف کے دورمین ترقیاتی فنڈز کے استعمال کے حوالے سے دائرنظرثانی کی درخواست کی سماعت کرے گااٹھارہ دسمبرکوجسٹس اعجازافضل خان اور جسٹس عمرعطاء بندیال پر مشتمل دورکنی بنچ ملک بھرمیں آلودگی کے خلاف دائردرخواست کی سماعت کرے گا۔