جاپان، مسافر طیاروں کے کاک پٹ میں دو افراد کی موجودگی لازمی قرار

بدھ 29 اپریل 2015 08:19

ٹوکیو ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 اپریل۔2015ء)جاپانی ائیرلائنز میں ہر وقت کاک پٹ میں کم از کم دو افراد موجود ہوں گے،یہ بات حکومت نے منگل کے روز کہی جیسا کہ جرمن ونگز طیارے کے حادثے کے پیش نظر دیگر حکومتوں کی جانب سے قوانین سخت کئے جانے کے بعد ٹوکیو بھی اس کاحصہ بن گیا ہے۔وزارت ٹرانسپورٹ کے ایک اہلکار نے کہا کہ فلائٹ اٹینڈنٹ یا آف ڈیوٹی پائلٹ میں سے کوئی بھی،جو کہ طیارے پر موجود ہوگا،جب دو میں سے کوئی بھی پائلٹ نکلے گا تو اسے کاک پٹ میں موجود رہنے کی ذمہ داری سونپی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزارت کا کہنا ہے کہ تمام ڈومیسٹک پروازوں پر ایک ہفتے کے اندر یہ قانون لاگو کرنا ہوگا،یہ اقدام فلپائن،برازیل،آسٹریلیا،کینیڈا اور میکسیکو کی جانب سے اسی طرح کے احکامات جاری کئے جانے کے بعد سامنے آیا ہے اور یہ ایسے وقت سامنے آیا ہے کہ جب فرنچ ایلپس میں حادثے کا شکار ہونے والی جرمن ونگز کی پرواز،جس میں سوار تمام150افراد ہلاک ہوگئے تھے،کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ معاون پائلٹ آندریس لوبٹس نے جان بوجھ کر طیارے کو گرایا اور اس سے قبل اس نے اپنے ساتھی کو کاک پٹ سے باہر نکال کر لاک کردیا تھا۔اس کا حادثے کے روز سمیت کئی مواقعوں پر بیماری کی وجہ سے نیورالوجسٹس اور نفسیاتی ڈاکٹرز کی جانب سے علاج کیا جاتا رہا ہے۔