چینی فوجیوں کے جدید آلات استعمال کرنے پر پابندی عائد،سمارٹ واچز اور دیگر جدید آلات محفوظ نہیں ہیں، اس لئے ان کے استعمال سے گریز کیا جائے،چائنیز پیپلز لبریشن آرمی

جمعرات 14 مئی 2015 09:07

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 مئی۔2015ء) چائنیز پیپلز لبریشن آرمی کے فوجیوں کو حکم دیا گیا ہے کہ سمارٹ واچز اور دیگر جدید آلات محفوظ نہیں ہیں، اس لئے ان کے استعمال سے گریز کیا جائے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی حکومت نے فوجیوں پر سمارٹ واچز اور دیگر جدید آلات استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ چینی حکومت کو ارسال کی گئی ایک رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ سمارٹ واچز اور دیگر جدید آلات محفوظ نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

جب ایک فوجی جدید آلات کی مدد سے آڈیو یا ویڈیو ریکارڈنگ کرتا ہے یا تصاویر لیتا ہے یا ڈیٹا کہیں اور منتقل کرتا ہے تو اس صورت میں اس کے مقام کی نشاندہی ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ فوجیوں پر ایسے ڈیوائسز کے پہننے اور استعمال پر پابندی ہونی چاہئے جن کے ذریعے وہ انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کر سکتے ہوں۔ اسی طرح مقام کی نشاندہی کرنے والی ڈیوائسز اور وائس کالنگ کو نیشنل سیکورٹی کے منافی قرار دیتے ہوئے ان پر پابندی عائد ہونی چاہیے۔