یورپی یونین، اقوام متحدہ، بھارت کی سانحہ کراچی کی مذمت ، مارے جانے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت، امریکہ کی مدد کی پیشکش

جمعرات 14 مئی 2015 09:31

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 مئی۔2015ء)یورپی یونین کی طرف سے سانحہ کراچی کی مذمت ،مارے جانے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کی گئی ۔یورپی یونین کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ کراچی میں ہونیو الاسانحہ انتہائی افسوسناک ہے ،جس کی بھرپورمذمت کی جاتی ہے ،یورپی یونین نے سانحہ میں جاں بحق افراداورپاکستان کی حکومت سے تعزیت اورگہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیاپاکستان میں اقوام متحدہ کی معاون جیکی بیڈکاک نے کراچی میں ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سانحہ بربریت ہے۔

پاکستان میں اقوام متحدہ کی معاون یکی بیڈکاک نے ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے کراچی سانحہ بربریت ہے۔

(جاری ہے)

امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے امریکی عوام کی جانب سے بدھ کو کراچی میں بس پر ہونے والے بہمانہ حملے سے متاثر ہونے والے افراد کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت اور گہری ہمدردی کا اظہار کیاہے اور بے حسی پر مبنی اس دہشتگردانہ فعل کی شدید مذمت کی ہے امریکہ دہشتگردی کیخلاف پاکستانی عوام کی کوششوں میں ان کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑا ہے اور ہر شہری کے خوف وخطر جبر اور تشدد کے بغیر اپنی مرضی سے عبارت کرنے کی حمایت کرتا ہے ہم اس المناک حملے کے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں اور اس حوالے سے تحقیقات میں مصروف حکام کو ہر مناسب مدد فراہم کرنے کو تیار ہیں ۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کراچی میں بے گناہوں کی ہلاکت پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اس کھڑی میں پاکستانی عوام کے برابر کے شریک ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز کراچی میں دہشت گردانہ واردات پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بے گناہوں کو بلا وجہ قتل کیا گیا ہے اور معصوم افراد کے ساتھ خونی کی ہولی کھیلی گئی ہے دہشت گردوں کی اس واردات پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے دکھ کے برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں،دوسری جانب بھارتی کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے بھی اپنے ٹوئٹ پیغام میں کراچی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔