ہیڈ کوچ اور قومی سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کیلئے سپر ایٹ ٹی 20میں شرکت لازمی قرار دیدی ، کئی کھلاڑی مشکلات میں پڑ گئے ، آرام اور نجی مصروفیات کی وجہ سے ٹورنامنٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ، مینجمنٹ کی ہدایات پر افراتفری کا شکار ہوگئے ، وہاب ریاض اور شاہد آفریدی کو ٹورنامنٹ سے مستثنیٰ قرار دیدیا گیا

جمعرات 14 مئی 2015 08:21

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 مئی۔2015ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس اور قومی سلیکشن کمیٹی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے سپر ایٹ ٹی 20 ٹورنامنٹ میں شرکت لازمی قرار دی ہے ۔ اس ہدایت کے بعد کئی کھلاڑی مشکلات میں پڑ گئے بعض کھلاڑیوں نے آرام اورنجی مصروفیات کی وجہ سے ٹورنامنٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن بورڈ نے فیصل آباد پہنچنے کی ہدایت کی قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی اور فاسٹ بولر وہاب ریاض کو ٹورنامنٹ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے دونوں نے انگلش کاؤنٹی کے لیے پی سی بی سے پہلے ہی این او سی حاصل کررکھی ہے ۔

افراتفری میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں بدانتظامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ فلائٹ میں تاخیر کی وجہ سے سرفراز احمد اور اسد شفیق مقررہ وقت پر اسٹیڈیم نہ پہنچ سکے کراچی کے پاس سرفرا ز احمد کے علاوہ کوئی اوروکٹ کیپر بھی نہ تھا لیکن بارش کی وجہ سے میچ نہ ہونے کی وجہ سے کراچی کی مشکلات کم ہوگئیں ورنہ ٹاس سے قبل کراچی کو اپنے گیارہ کھلاڑیوں کی فہرست دینا تھی اور کپتان بھی ٹاس کے وقت موجود نہیں ہوتا ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ہارون الرشید کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے فیصل آباد پہنچ گئی ہے امکان ہے کہ آئندہ چاردن میں زمبابوے کی سیریز کیلئے پاکستان ٹیم کا اعلان کیا جائے گا ہیڈ کوچ وقار یونس بھی ایک دو دن میں فیصل آباد پہنچ رہے ہیں سلیکٹرز اور ہیڈ کوچ بعض کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ٹیم کااعلان کرنا چاہتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :