سانحہ صفورا چورنگی پر صوبائی حکومت کا آج یوم سوگ منا نے کا اعلان ، قومی پرچم سرنگوں رہے گا، یہ پوری قوم پر حملہ ہے،ہماری فورسز ان دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کے لئے پرعزم ہیں، سانحہ میں ملوث دہشتگردوں بارے کچھ شواہد مل چکے ہیں ،ظاہر نہیں کرنا چاہتے، دہشتگردوں کو فائدہ ہوسکتا ہے، وزیر اطلاعات سندھ کی میڈیا سے بات چیت

جمعرات 14 مئی 2015 09:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 مئی۔2015ء) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سانحہ صفورا چورنگی پر حملہ آغاخان برادری پر نہیں بلکہ پوری قوم پر حملہ ہے۔ہماری فورسز ان دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ سانحہ میں ملوث دہشتگردوں کے حوالے سے کچھ شواہد مل چکیں ہیں لیکن ان کو ظاہر نہیں کرنا چاہتے کیونکہ اس سے ان دہشتگردوں کو فائدہ ہوسکتا ہے۔

سندھ بھر میں جمعرات کو اس سانحہ پر صوبائی حکومت کی جانب سے یوم سوگ منایا جائے گا اور اس سوگ میں دعائیہ تقاریب منعقد کی جائیں گے اور قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ ہماری دعا ہے کہ اس سانحہ کے زخمی جلد سے جلد صحتیاب ہوں اور اس سانحہ میں جو شہید ہوئے ہیں ان سے اور ان کے اہل خانہ سے ہم تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو آغا خان اسپتال، میمن اسپتال اور جائے وقوعہ کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ سانحہ قومی سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دہشتگردوں نے نہتے، معصوم اور پرامن شہریوں، بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا ہے اور یہ افسوس ناک اور بزدلانہ حملہ کیا ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس افسوس ناک سانحہ پر آج پوری قوم سوگوار ہے اور پورے ملک، سندھ اور کراچی کے عوام یہ سمجھتے ہیں کہ یہ دہشتگردی ان کے گھر پر ہوئی ہے ۔

شرجیل میمن نے کہا کہ آج ہمیں اس سانحہ کا اتنا ہی درد ہے جتنا اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ غم آج ملک کے گھر گھر میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد چھپ چھپ کر سوفٹ کارنر کی تلاش کررہے ہیں وہ کبھی ہماری اسکولز، ہماری ہماری عباگاہوں تو کبھی ہماری فورسز کو نشانہ بناتے رہے ہیں اور آج انہوں نے ملک کی قومیت کو نشانہ بنایا ہے، جس نے اس ملک کو بنانے سے لیکر آج تک اس ملک کی خدمت کی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ہم اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کریں وہ کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ جس طرح ہماری امن و امان کی بحالی کے اداروں نے جس طرح دیگر دہشتگردی کے کیسز کو حل کیا ہے، جلد ہی اس کیس کو بھی حل کرلیں گے اور اس سانحہ میں ملوثدہشتگردوں کو ان کے منطقی انجام پر جلد سے جلد پہنچا کر ہی دم لیں گے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ اب ہم ان دہشتگردوں کو ان کے گھروں میں گھس کر ان سے مقابلہ کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس سانحہ کے شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور سندھ حکومت نے اس سانحہ پر جمعرات کو صوبے بھر میں یوم سوگ کا اعلان بھی کیا ہے۔ اس روز دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ گوکہ اسلام آباد میں تھے تاہم سانحہ کی اطلاع پر وہ فوری طور پر کراچی آرہے ہیں اور وہ دونوں اسپتالوں کا بھی دورہ کریں گے اور ان شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کے لئے معاوضہ کا بھی اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کی جان کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا تاہم ان شہداء کے آنسو پونچھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ آج پوری قوم سوگوار ہے اور انشاء اللہ ہم جلد ہی اس ملک کے عوام اور فورسز کی مدد سے ان دہشتگردوں کا قلع قمع کرکے ہی دم ہیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ حملہ آغا خان برادری پرنہیں بلکہ پوری قوم پر حملہ ہے۔

متعلقہ عنوان :