برونڈی ، فوج نے حکومت کا تختہ الٹ کراقتدار پر قبضہ کرلیا،جمہوری عمل کی حمایت کرتے ہیں اور الیکشن کے لئے تمام متعلقہ حکام کے ساتھ کام کریں گے، سربراہ فوج

جمعرات 14 مئی 2015 09:12

بوجمبورا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 مئی۔2015ء) افریقی ملک برونڈی میں فوج نے اقتدار پر قبضہ کرتے ہوئے سرکاری نشریاتی اداروں کے دفاتر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برونڈی میں صدر پیرے کرونزیزا کی جانب سے تیسری مرتبہ الیکشن میں حصہ لینے کے خلاف گزشتہ کئی ہفتوں سے پرتشدد مظاہرے جاری تھے جس کے بعد فوج کے سربراہ جنرل گوڈ فرائڈ نے صدر کو گھر بھیجتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کرلیا جب کہ فوجی اہلکاروں نے سرکاری نشریاتی اداروں سمیت اہم سرکاری عمارات کا کنٹرول بھی سنبھال لیا۔

اقتدار پر قبضے کے بعد جنرل گوڈفرائڈ نے قوم سے خطاب میں کہا کہ تمام افراد کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ دوسروں کی جانوں کا احترام کریں اور سیاسی رہنماوٴں کو اقتدار کی شفاف منتقلی تک فوج مذہبی و سیاسی رہنماوٴں سمیت سوسائٹی کے ساتھ کام کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ جمہوری عمل کی حمایت کرتے ہیں اور الیکشن کے لئے تمام متعلقہ حکام کے ساتھ کام کریں گے جب کہ قومی ہم آہنگی کی بحالی کے لئے کمیٹی قائم کردی جائے گی جو پرامن انتخابات کے لئے بھی کام کرے گی۔دوسری جانب فوجی حکام کے مطابق صدر کرونزیزا نے تیسری مرتبہ اقتدار پر آنے کے لئے آئین کی خلاف ورزی کی جس کے پیش نظر انہیں عوامی خواہشات کے مطابق اقتدار سے علیحدہ کیا گیا۔