ایبٹ آباد، شکست کا بدلہ ،مسلم لیگی امیدوارچوہدری ساجد نے فوارہ چوک کوخون میں نہلادیا،اندھادھند فائرنگ ،گجربرادری کے تین محنت کش قتل،دو زخمی ،جہانگیرہ میں انتخابی کامیابی کا جشن ماتم میں تبدیل، کامیاب کونسلر کے حامیوں کی فائرنگ سے زخمی تیسرا بچہ دم توڑ گیا

بدھ 3 جون 2015 08:24

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 جون۔2015ء)شکست کا بدلہ ،مسلم لیگی امیدوارچوہدری ساجد نے فوارہ چوک کوخون میں نہلادیا،اندھادھند فائرنگ سے گجربرادری کے تین محنت کش قتل۔ دوشدید زخمی ہوگئے ملزمان فرار۔ پولیس حسب معمول خاموش تماشائی۔ نعشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔افوارہ چوک میں محنت مزدوری کرنیوالے مقتول کالاخان سکنہ نگھکی کے بیٹے جاویدنے ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں صحافیوں کو بتایا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے سپورٹر ہیں۔

بلدیاتی الیکشن میں ہم نے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار برائے ضلع کونسل یونین کونسل دہمتوڑاورنگزیب خان جدون کو اپنے علاقے سے کامیاب کرایا۔ پولنگ والے روز مسلم لیگ(ن) کے نامزد امیدواربرائے تحصیل کونسل یونین کونسل دہمتوڑ چوہدری ساجد کے ساتھ ہمارا معمولی جھگڑا ہوا۔

(جاری ہے)

پولنگ والے روز بات آئی گئی ہوگئی۔ الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار اورنگزیب خان جدون کی کامیابی کے بعد مسلم لیگی امیدوارچوہدری ساجد نے اپنے بھائی شہزاد ولد تاج محمد، اشفاق ولد غنی اور دیگر کے ہمراہ منگل کے روز فوارہ چوک میں واقع کشمیر بیکری کے باہر کالے رنگ کی پراڈوگاڑی میں آکر کلاشنکوفوں سے اندھادھند فائرنگ شروع کردی۔

جس کے نتیجے میں جاوید ولد کالا خان، نوید احمد ولد گلستان عمراٹھائیس سال، محمد صابر ولد شیر علی عمر 45سال، کالا خان ولد شیرعلی،بوستان ولد احمد علی اور محمد نذیر ولد محمد منصف شدید زخمی ہوگئے۔ جنہیں فوری طور پر ایوب ٹیچنگ ہسپتال پہنچایاگیا۔ جہاں بوستان ولد احمد علی، محمد نذیر ولد محمد منصف، اور کالاخان ولد شیرعلی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

جاوید کے مطابق ہم سب غریب لوگ ہیں۔ اور فوارہ چوک میں محنت مزدوری کرکے اپنے خاندان کا پیٹ پالتے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اور ایوب ٹیچنگ ہسپتال ریفر کیاگیا ہے۔ جبکہ تین مقتولین کی نعشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ جبکہ دوسری جانب ایبٹ آباد کے شہریوں نے فوارہ چوک میں دن دیہاڑے پانچ افراد پر فائرنگ کرنیوالے ملزمان کے فرار پر سخت غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ اور آئی جی خیبرپختونخواہ سے مطالبہ کیاہے کہ ایبٹ آباد میں فوری طور پرپولیس کے افسران کو تبدیل کیاجائے۔

کیونکہ آئے روز کے خون خرابے اور پولیس کی خاموشی سے جرائم میں اضافہ ہوتاجارہا ہے۔ادھرجہانگیرہ میں دو امیدواروں کی انتخابی کا میابی کا جشن ماتم میں تبدیل ہو گیا ۔ جشن منانے کے دوران دوسرے کامیاب کونسلر کے حامیوں کی فائرنگ میں زخمی ہو جانے والا تیسرا بچہ ہسپتا ل میں دم توڑ گیا۔ جان بحق ہوجانے والا یا سین حافظ قرآن تھا ۔ دو روز بعدیا سین کی دستا ر بندی ہونے والی تھی کہ مسجد سے پارہ لیکر گھر آرہا تھا کہ فائر نگ کا نشانہ بن گیا۔

اکوڑہ خٹک پو لیس نے دو کونسلروں سمیت سات افراد کے خلا ف قتل اور اقدام قتل کے مقدما ت درج کر دیے۔ ملزمان کی گر فتا ری نہ ہو نے پر متوفی کے لواحقین اور سینکڑوں افراد کا احتجاجی مظاہرہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے دو دن کی ڈیڈ لائن دے دی۔ جہا نگیرہ گلبہار میں شوکت حسین نامی کونسلر کامیا بی کے بعد جیت کی خوشی میں جلوس نکال رہا تھا ۔ کہ جلوس جیسے ہی دوسرے کامیاب امیدوار کے گھر کے قریب پہنچ کر نعرے بازیاں کر رہا تھا کہ اس دوران جشن منانے والوں کو نشانہ بنا کر اندھا دھند فائرنگ کر دی ۔

جس کے نتیجے میں دو افراد جا ن بحق ہو گے تھے۔ گزشتہ روز فائرنگ میں زخمی ہوجانے والا تیسرا بچہ یا سین بھی دم توڑ گیا ۔ملزمان کی گرفتاری نہ ہو نے پر لواحقین اور سینکڑوں افرادنے احتجا جی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے با زی کی ۔ میڈیا کو لواحقین کے ورثاء نے بتا یا کہ ظا لموں نے حافظ قرآن کو بھی شہید کر دیا ۔ حافظ قرآن یا سین کی دو روز بعد دستار بندی ہو نے والے تھی ۔

اور وقوعہ کے وقت نماز عشاء مسجد میں ادا کرنے کے بعد قرآن پا ک کا پارہ سینے سے لگا کر خوشی خوشی گھر آرہا تھا کہ میری دو روز بعد دستار بندی ہونے والی ہے ملزمان کو واردات کے بعد پولیس نے گرفتا رکیا اور اپنے ساتھ لے گئی لیکن پر پولیس نے چھوڑ دیا۔ پو لیس قاتلوں کے ساتھ ملی ہوئی ہے اور ان کو تحفظ دے رہے ہیں۔ دو روز کی ڈیڈ لائن دیتے ہے کہ جہانگیرہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتا ر نہ کیا گیا تو جی ٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے بلاک کر دینگے۔ ادھر اکوڑہ خٹک پو لیس نے کونسلر شوکت حسین کونسلر جاوید خان سمیت نو افراد کے خلاف قتل اور اقدام قتل کے مقدما ت درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ لیکن تا حال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی ہیں ۔