ایف بی آر نے کرکٹر محمد حفیظ کے تمام بینک اکاوٴنٹس منجمد کر دیئے،ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق ایف بی آر سے چپقلش جاری ،ایف بی آرنے ٹیکش اور ڈیوٹی کی عدم ادائیگی پر ان کی لینڈ کروزر کو قبضے میں لے لیا،گزشتہ سال اکتوبر میں 39 لاکھ روپے کی رقم کے ٹیکس کی عدم ادائیگی پر ان کے بینک اکاوٴنٹ منجمد کر دیئے گئے تھے

بدھ 3 جون 2015 08:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 جون۔2015ء) فیڈرل بیورو آف ریوینیو(ایف بی آر) نے قومی کرکٹر ز کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے اورکرکٹر محمد حفیظ کے تمام بینک اکاوٴنٹس منجمد کر دیئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 2011-12میں محمد حفیظ نے انکم ٹیکس کی مد میں 42لاکھ روپے ادا کرنا تھے جو انہو ں نے ادا نہیں کیے جس کی وجہ سے ان کے تمام بینک اکاوٴٹس کو منجمد کیا گیا ہے۔

ادھرپاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو کی فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور ٹیکسیشن(ایف بی آر) ساتھ ان بن کا سلسلہ جاری ہے اور ایف بی آرنے ٹیکش اور ڈیوٹی کی عدم ادائیگی پر ان کی لینڈ کروزر کو قبضے میں لے لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آفیشلز نے بتایا کہ ایف بی آر کے حکام نے مصباح کی لینڈ کروزر کو قبضے میں لے لیا کیونکہ ان کے ریکارڈ کے مطابق کپتان نے گاڑی کی کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس کے واجبات ادا نہیں کیے۔

(جاری ہے)

یہ پہلا موقع نہیں کہ مصباح کو ایف بی آر کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہو بلکہ گزشتہ سال اکتوبر میں 39 لاکھ روپے کی رقم کے ٹیکس کی عدم ادائیگی پر ان کے بینک اکاوٴنٹ منجمد کر دیے تھے۔تاہم بعد میں مصباح نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے اسلام آباد میں ملاقات کر کے معاملہ حل کرا لیا، اس موقع پر ان کے ساتھ دیگر کھلاڑی بھی موجود تھے جنہیں ایف بی آر کی جانب سے مسائل کا سامنا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لینڈ کروزر قبضے میں لینے سے قبل ایف بی آر حکام نے مصباح کو ایک نوٹس بھی بھیجا تھا جس میں انہیں ٹیکس اور ڈیوٹی کی ادائیگی کی ہدایت کی گئی تھی۔