آئی سی سی کے صدر کے لیے ظہیرعباس کے نام پر اتفاق،گورننگ بورڈ اجلاس میں چیئرمین شہریار خان اور ممبران نے رسمی کارروائی کے بعدنام کی منظوری دی جسے تنظیم کے آئندہ اجلاس میں پیش کردیا جائے گا ، 67سالہ ظہیرعباس 78 ٹیسٹ اور 62 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں،آئی سی سی کے آئین میں ترمیم کے بعد صدر کا عہدہ رسمی رہ گیا ہے اور تمام تر اختیارات چیئرمین کے پاس چلے گئے ہیں

بدھ 3 جون 2015 08:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 جون۔2015ء)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس کو آئی سی سی کی صدارت کے لیے نامزد کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ چیئرمین شہریار خان کی صدارت میں گورننگ بورڈ کے اجلا س میں رسمی کارروائی کے بعد ایشین بریڈ مین کا نام فائنل کردیا گیا جس کے بعد ان کا نام آئی سی سی کو بھیج دیا جائیگا۔آئی سی سی کے طریقہ کار کے تحت ان کا نام آئی سی سی کی نامزدگی سے متعلق کمیٹی کے پاس جائیگا جس کی منظوری کے بعد اسے آئی سی سی کے بورڈ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ یہ نامزدگی نجم سیٹھی کی جگہ عمل میں آئی ہے جنھوں نے پیر کے روز آئی سی سی کی صدارت سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا تھا۔نجم سیٹھی نے دستبردار ہونے کی وجہ یہ بتائی تھی کہ وہ اس عہدے پر کسی سابق ٹیسٹ کرکٹر کو فائز دیکھنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آئی سی سی نے کہا ہے کہ آئندہ سال سے اس کا صدر کوئی سابق ٹیسٹ کرکٹر ہو گا۔آئی سی سی کے آئین میں ترمیم کے بعد صدر کا عہدہ رسمی رہ گیا ہے اور تمام تر اختیارات چیئرمین کے پاس چلے گئے ہیں۔

67 سالہ ظہیرعباس 78 ٹیسٹ اور 62 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں سو سے زائد سنچریاں سکور کرنے والے واحد پاکستانی بیٹسمین ہیں۔ظہیرعباس 1993 میں آئی سی سی کے میچ ریفری بھی رہ چکے ہیں۔ انھوں نے مختلف حیثیتوں میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔