خیبر پختونخواہ ، حلقہ پی کے 95 لوئر دیر کے ضمنی انتخاب کالعدم قرار، دوبارہ الیکشن کرا نے کے احکا ما ت جا ری ، خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر الیکشن کا لعدم قرار دیا گیا، خواتین کو انتخابی عمل میں حصہ لینے سے کوئی روک نہیں سکتا ،سراج الحق ، لوئر دیر کے ضمنی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ حیران کن، ہائی کورٹ میں چیلنج کرینگے،انٹرویو

بدھ 3 جون 2015 08:45

دیر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 جون۔2015ء) الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخواہ کے حلقہ پی کے 95 لوئر دیر کے ضمنی انتخاب کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا ہے ۔ لوئر دیر کے ضمنی انتخاب میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر الیکشن کا لعدم قرار دیا گیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز چیف الیکشن کمیشن سردار رضا خان نے مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے خیبر پختونخواہ کے حلقہ پی کے 95لوئر دیر کے ضمنی انتخاب کو کالعدم قرار دے دیا ہے ۔

خواتین کو حلقہ میں ووٹ ڈالنے سے روکنے پر الیکشن کمیشن نے ازخود نوٹس لیا تھا اور کیس کی سماعت چیف الیکشن کمیشن سردار رضا خان کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کی ہے حلقہ پی کے 95لوئر دیر کی نشست پر جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی تھی اور بعد میں ضمنی انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدوار اعزاز الملک کامیاب ہوئے تھے پی کے 95 لوئر دیر میں خواتین ووٹرز کی تعداد 53ہزار ہے اور ضمنی انتخاب میں ایک خاتون نے بھی ووٹ کاسٹ نہیں کیا تھا ۔

(جاری ہے)

ادھرامیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی انتخابی عمل میں خواتین کی شرکت کی بھر پور حامی ہے اور انہیں اس حق سے کوئی روک نہیں سکتا ۔ تاہم پاکستانی قوانین کے مطابق جس طرح کسی ووٹر کو زبردستی ووٹ ڈالنے سے روکا نہیں جا سکتا وہاں کسی ووٹر کو زبردستی ووٹ ڈالنے پر بھی مجبور نہیں کیا سکتا ۔ PK-95دیر لوئر کے ضمنی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ حیران کن ہے جسے ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے بی بی سی ریڈیو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ پی کے 95لوئر دیر کے انتخابات میں حصہ لینے والے کسی اُمیدوار یا ووٹر نے اس حوالے سے کوئی شکایت نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کا ایک مضبوط خواتین ونگ ہے اور جماعت اسلامی کی خاتون ایم این اے عائشہ سید اور ایم پی اے راشدہ ظفر نے بھی پی کے 95لوئر دیر میں خواتین کوووٹ ڈالنے پر آمادہ کرنے کے لئے باقاعدہ مہم چلائی ۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں گزشتہ سال نومبر میں ہونے والے جماعت اسلامی کے ملک گیر اجتماع عام میں ہزاروں خواتین نے شرکت کی ۔دریں اثناء وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے منگل کے روز ٹیلفونک رابطہ کیا اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اس موقع پر کہا کہ انتخابی عمل کو صاف شفاف ہونا چاہیے اور جہاں پر دھاندلی کی ٹھوس شکایات ہوں اُن کا ازالہ ہونا چاہیے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کو بتایا کہ انہوں نے چیف سیکرٹری حکومت خیبر پختونخوا کو ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی یا گڑ بڑ کے واقعات کے حوالے سے تمام تر ریکارڈ جمع کیا جائے اور اسے الیکشن کمیشن اور عوام کے سامنے رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن حلقوں یا پولنگ سٹیشنوں پر دھاندلی کے ٹھوس شواہد موجود ہوں ، صوبائی حکومت کو ان پولنگ سٹیشنوں یا حلقوں میں دوبارہ انتخابات یا ری پولنگ کرانے پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔