اس سال10 لاکھ پاکستانیوں کو بیرون ملک روزگار فراہم کریں گے،عابد جاوید،تعلقات میں بہتری کی وجہ سے خلیجی ممالک پاکستان سے افرادی قوت بھرتی کررہے ہیں،گزشتہ 6ماہ میں4 لاکھ 70ہزار افراد روزگار کیلئے بیرون ملک گئے ، لائسنس یا فتہ پروموٹرز کو سہولیات دیکر حوصلہ افزائی کی جارہی ہے، زیادہ تعداد میں بیرون ملک روزگار فراہم کرنے والے پروڈیوسر کو انعامات بھی دئیے جائیں گے ، 7 پروٹیکٹر آفس کام کررہے ہیں،غیر آئینی اور غیرقانونی کام کرنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،ڈائریکٹر جنرل بیورو آف امیگریش کی صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 9 جولائی 2015 10:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 جولائی۔2015ء) ڈائریکٹر جنرل بیورو آف امیگریشن محمد عابد جاوید نے کہا ہے کہ حکومت نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ہر طرح کی سہولیات مہیا کردی ہیں اس سال10 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو بیرون ملک روزگار فراہم کریں گے۔گزشتہ 6ماہ میں 4 لاکھ 70ہزار پاکستان روز گار کے سلسلہ میں بیرون ملک گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال 7لاکھ 52ہزار افراد نے بیرون ملک روزگار حاصل کیا تھا۔

گزشتہ روز بیورو آف امیگریشن کے آفس میں صحافیوں سے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عابد جاوید نے کہا کہ حکومت کے خلیجی ممالک سے بہتر تعلقات کی وجہ سے خلیجی ممالک کی کمپنیاں پاکستان سے افرادی قوت بھرتی کرہی ہیں اس سلسلہ میں ہم مکمل تعاون کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان سے جس تیز رفتاری کے ساتھ افراد بیرون ملک جارہے ہیں اس لحاظ سے بیوروف آف امیگریشن میں سٹاف کی کمی ہے جسے فی الفور پورا کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

نئی بھرتی کیلئے ریکوزیشن بھیج دی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ جنوری میں69412 فروی میں 63006 مارچ میں82123 اپریل میں 89664 مئی میں 79365 اور جون میں 89020 پاکستانی بیرون ملک گئے ہیں جبکہ جولائی میں شرح بہت زیادہ ہے انہوں نے کہا کہ لائسنس یا فتہ پروموٹرز کو سہولیات دیکر ان کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے اور زیادہ تعداد میں بیرون ملک روزگار فراہم کرنے والے پروڈیوسر کو آئندہ انعامات بھی دئیے جائیں گے انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں بیورو آف امیگریشن کے 7 پروٹیکٹر آفس کام کررہے ہیں غیر آئینی اور غیرقانونی کام کرنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ آئینی حدود میں رہتے ہوئے پروموٹرز کو تمام تر سہولیات فراہم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :