اسلام آباد،مسافر وین اور کوسٹر میں خوفناک تصادم،20 جاں بحق ،22 سے زائد زخمی،زخمی پمز اور پولی کلینک ہسپتالوں میں منتقل ،بعض کی حالت تشویشناک ،ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ،11 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا جن میں7 مرد،3 خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں،ترجمان پمز،حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا،دونوں ڈرائیور جاں بحق ہوگئے،پولیس

جمعرات 9 جولائی 2015 10:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 جولائی۔2015ء)اسلام آباد کے علاقے ترنول کے قریب فتح جنگ روڈ پر مسافر وین اور کوسٹر کے درمیان خوفناک تصادم میں 20 افراد جاں بحق اور 22سے زائد افراد زخمی ہوگئے جنہیں پمز اور پولی کلینک ہسپتالوں منتقل کر دیا گیا ہے ،بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز اسلام آباد کے علاقے ترنول کے قریب فتح جنگ روڈ پر خیبر پختونخوا کے شہر بنوں سے ا ٓنے والے مسافر وین اور اسلام آباد سے فتح جنگ جانے والی مسافرکوسٹر تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئیں ،اس خوفناک حادثے میں20 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 22 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں،ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر نہ پہنچ سکیں،عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو اپنی گاڑیوں میں ڈال کر اسلام آباد میں پمز اور پولی کلینک ہسپتالوں میں منتقل کیں جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پمز عائشہ خان کے مطابق 11 افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا ہے جن میں 7 مرد ،3 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے ،پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ،مخالف سمت سے آنے والے مسافر وین اوورٹیک کرتے ہوئے آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں20 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں جنہیں پمز اور پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ معمولی زخمیوں کو قریبی ہسپتال پہنچایا گیا ہے،حادثے میں دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور بھی اس حادثے میں جاں بحق ہوگئے اور دونوں گاڑیاں بھی بری طرح تباہ ہوئی ہیں۔پولیس نے مزید بتایا کہ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور وں کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئیں ہیں۔