منی لانڈرنگ کیس،لاہور ہائیکورٹ نے ایان علی کی درخواست ضمانت پر رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض ختم کر دیا

جمعرات 9 جولائی 2015 10:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 جولائی۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ملزمہ سپر ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت پر رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض ختم کردیا،عدالت نے درخواست ضمانت کو دو رکنی بنچ کے پاس سماعت کے لئے فکس کرنے کی ہدایت کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان نے کیس کی سماعت کی۔ایان علی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالت عالیہ کا کسٹم بنچ درخواست ضمانت کو مسترد کر چکا ہے،کسٹم بنچ کے فیصلے کے خلاف اپیل عدالت عالیہ کے دو رکنی بنچ کے پاس سماعت کی جا سکتی ہے مگر رجسٹرار آفس نے درخواست ضمانت پر اعتراض عائد کر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ ایان علی کے خلاف سیاسی بنیادوں پر بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا ماڈل ایان علی منی لانڈرنگ میں ملوث نہیں لہذا عدالت عالیہ کے کسٹم بنچ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کو سماعت کے لئے دو رکنی بنچ کے پاس بھجوایا جائے اور رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض ختم کیا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت عالیہ پہلے ہی اداکارہ کی درخواست ضمانت مسترد کر چکی ہے پھر ایک اور درخواست ضمانت کیوں دائر کی گئی۔عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ملزمہ ایان علی کی درخواست ضمانت پر رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض ختم کردیا،عدالت نے درخواست ضمانت کو دو رکنی بنچ کے پاس سماعت کے لئے فکس کرنے کی ہدائت کر دی۔